یو این آئی
حیدرآباد//کرناٹک میں ہوئی شکست کے بعد بی جے پی کی نظریں اب پڑوسی ریاست تلنگانہ پر مرکوز ہیں جہاں پر پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے کوششوں میں زعفرانی جماعت نے شدت پیدا کرلی ہے ۔اس تلگوریاست میں جاریہ سال کے اواخر میں ہونے والے انتخابات کی تیاریوں کابی جے پی نے عملا آغاز کردیا ہے ۔
اسی کے حصہ کے طورپر مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ 15جون کو ریاست کا دورہ کرنے والے ہیں۔ان کے دورہ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔اس دورہ کاآغاز امیت شاہ بھدراچلم میں درشن کے ساتھ کریں گے ۔وہ 15 جون کو صبح 11 بجے خصوصی طیارہ سے حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پہنچیں گے ۔وہ ایرپورٹ پر بی جے پی کے لیڈروں سے ملاقات کریں گے ۔سمجھاجاتا ہے کہ امیت شاہ کا یہ دورہ ریاست میں پارٹی کیڈر میں نئی جان ڈالنے اور انتخابات کے لئے ان کو تیار رکھنے کے لئے کی جانے والی انتخابی حکمت عملی کا حصہ ہے کیونکہ پڑوسی ریاست کرناٹک میں پارٹی کو ہوئی شکست کے بعد پارٹی کارکنوں کے حوصلے پست ہیں۔امیت شاہ دوپہر میں بھدراچلم کیلئے روانہ ہوں گے ۔