سرینگر //عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ اور ایم ایل اے لنگیٹ انجینئر رشید نے الزام لگایا ہے کہ پولیس کا ایک طبقہ کشمیریوں کو بے عزت اور رسوا کرنے پر تلا ہوا ہے ۔کل درسو اور گنڈ کریم خان رفیع آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پولیس نے شمالی اور جنوبی کشمیر میں عام لوگوں کو ہراساں کرنے اور تلاشی آپریشنوں کے نام پر ان کی عزت نفس کو ٹھیس پہنچانے کا کام تیز کر دیا ہے۔ انجینئر رشید نے کہا ’’مقامی پولیس کا ایک مخصوص طبقہ نئی دلی کو بلیک میل کرنے اور اپنی حقیر خواہشات کی تکمیل کیلئے اپنے ہی لوگوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھا رہا ہے ۔ حتیٰ کہ طالب علموں کو سنگ بازی میں ملوث ہونے کے نام پر آئے روز تھانوں پہ بلانے کا سلسلہ پہلے سے زیادہ تیز کر دیا گیا ہے اور جوانوں کی زندگیاں اجیرن بنا دی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پولیس کا یہ طبقہ نئی دلی کو یہ تاثر دینے کی کوششوں میں لگا ہوا ہے کہ ان کے ظلم و ستم کے بغیر کشمیر پر ہندوستان کی حکمرانی قائم نہیں رہ سکتی۔ حدتو یہ ہے کہ پولیس کا یہ طبقہ عام لوگوں کے روز مرہ معاملات سے لیکر میاں بیوی کے معاملات کو بھی الجھانے میں کوئی کثر باقی نہیں رکھتا تاکہ غریبوں کا خون چوس کر اپنے محلوں کو رنگ سے سجایا جا سکے۔‘‘ انجینئر رشید نے الزام لگایا کہ سیکورٹی ایجنسیاں بلا وجہ کریک ڈائون اور چھاپہ ماری کا سلسلہ قائم رکھی ہوئی ہیں اور ایسا کرنے میں بھی پولیس کے اسی طبقہ کا وسیع ہاتھ ہے ۔ انجینئر رشید نے با ضمیر پولیس اہلکاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹھنڈے دل و دماغ سے فیصلہ کریں کہ انکی بلا وجہ حرکتوں سے کہیں وہ اپنے ہی لوگوں کے ساتھ دست وگریباں میں مشغول تو نہیں ہو رہے ہیں ۔