سرینگر// محکمہ تعلیم نے پیر سے اسکول کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے،جبکہ امتحانات بھی حسب معمول لئے جائیں گے۔ طلاب کیلئے محکمہ نے ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کرتے ہوئے چیف ایجوکیشن افسران کو امتحانی مراکز میں شام کے وقت حسب ضرورت طلاب کیلئے ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنے کی بھی تاکید کی ہے۔ناظم تعلیم نے تمام چیف ایجوکیشن افسران کو ہدایت دی ہے امتحانی مرکز میں گرمی اور روشنی کا انتظام مہیا رکھا جائے۔ وادی میں گزشتہ کئی دنوں سے دگر گوں موسمی حالات اور برفباری کے بعد محکمہ تعلیم نے پیر سے حسب معمول اسکول کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔محکمہ ایجوکیشن کشمیر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام نبی ایتو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’موسم میں بہتری آنے کے بعد فیصلہ لیا گیا کہ حسب معمول اسکول کھلے رہیں گے،اور امتحانات بھی شیڈول کے مطابق منعقد کرائے جائیں گے‘‘ انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے بھی اطلاع دی ہے کہ امکانی طور پر وادی میں موسم بہتر ہو رہا ہے اور اس سب کو مد نظر رکھتے ہوئے تعلیمی ادارے کھلے رکھنے کا فیصلہ لیا گیا۔اس دوران محکمہ نے امتحانی طلاب کے لئے ہیلپ نمبر بھی جاری کیا ہے۔ناظم تعلیم ڈاکٹر غلام نبی ایتو نے بیان میں کہا کہ تمام محکمہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مزید متحرک ہو تاکہ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلاب کو کوئی بھی مشکلات پیش نہ آئے۔ ڈائریکٹر ایجوکیشن نے تمام چیف ایجوکیشن افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام امتحانی مراکز میں معقول گرمی اور روشنی کا انتظام رکھا جائے،جبکہ دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر طلاب کو شام کے اوقات میں ضرورت پڑنے پر ٹرانسپورٹ کی سہولیات بھی فرہم کی جائے۔افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ضلع انتطامیہ کے ساتھ تال میل بنائے رکھے،اور اس سلسلے میں چیف ایجوکیشن افسران ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ تفصیلات کا اشتراک کریں۔طلاب کو کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی طرح کی مدد اور مسئلہ کا ازالہ کرنے کیلئے ہیلپ لائن نمبر 9419013675 پر رابطہ قائم کریں۔