بڈگام //پپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم محمدیاسین نے ہندوستان جموں وکشمیر میں اوڑی۔ مظفر آباد اور پونچھ ۔ راولاکوٹ راستوں کو کھولنے کی مانگ کی ہے۔ خانصاحب میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حکیم یاسین نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آپسی رشتوں میں مٹھاس پیدا کرنے اور بد گمانیوں کو دور کرنے کے لئے اعتماد سازی کے اقدامات کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ دونوں ہمسایہ ممالک اپنے تمام تصفیہ طلب مسائل بات چیت اور افہام وتفہیم کے ذریعے حل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کی قیادتوں کے بیانات ’’ ہمیں ماضی کی تلخیوں کو بھول کر امن اور خوشگوار تعلقات قائم کرنے کے لئے نئی شروعات کرنی چاہیے‘‘، کافی حوصلہ افزاء ہیں۔ جلسے میں BDC ممبر سکھ ناگ حمیدہ بانو، سرپنج کانگری پورہ مشتاق احمد پرہ، سرپنج دھسن کونثر بانو ، سرپنج چرمجرو محمد شعبان اور پنج دہسن بشیر احمد لون نے پی ڈی ایف میں شمولیت اختیار کی ۔ مذکورہ ممبران نے حکیم یاسین کی سرپرستی اور قائدانہ صلاحیتوں پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی ایف کے خدمت خلق کے مشن کو آگے لینے کا عہد کیا۔