سرینگر// وزیر اعلیٰ کے شکائتی سیل کے کوارڈی نیٹر تصدق مفتی نے لداخ خطہ میں لوگوں کی شکایات جاننے کے لئے کئی کیمپوں میں شرکت کی۔دراس میں کوارڈی نیٹر نے کئی ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے موسم سرما کے لئے اشیاء ضروریہ کی ٹرانسپورٹیشن ، سکولوں کو بڑھاوا دینے، ہسپتالوں میں عملہ کی کمی اور یومیہ بنیادوں پر ہیلی کاپٹر سروس شروع کرنے کے ساتھ ساتھ اہم ضروریات کی چیزوں کی دستیابی جیسے امور کو زیر بحث لایا۔دورے کے دوران ٹریول ایجنٹوں، ہوٹل مالکان، طُلاب اور معزز شہریوں نے کوارڈی نیٹر کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے اپنے مسائل کے بارے میں انہیں آگاہ کیا۔ضلع ہیڈ کوارٹر کرگل میں ایک اور میٹنگ کے دوران انہوں نے بجلی، پانی اور سٹریٹ لائٹس جیسے معاملات کا جائیزہ لیا۔شرگول کرگل میں ایک عوامی دربار کا بھی انعقاد کیا گیا۔تصدق مفتی نے کانفرنس ہال ڈی سی آفس لیہہ میں بھی ایک میٹنگ طلب کی جس میں ضلع افسروں، طُلاب، ہوٹل مالکان اور ریسرچ سکالروں نے بھی شرکت کی۔تصدق مفتی نے پینگانگ جھیل اور دیگر سیاحتی مقامات پر کوڑا کرکٹ کو بہتر طریقے سے ٹھکانے لگانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ہوائی کرایہ میں کمی کرنے کے لئے ایک موثر لائحہ عمل اختیار کرنے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا تا کہ لوگوں کو فائدہ مل سکے۔گریوینس سیل کی ایک ٹیم بھی کوارڈی نیٹر کے ہمراہ تھی جن میں ایڈیشنل سیکرٹری انعام الحق صدیقی بھی شامل تھے۔