سرینگر// جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے اہلیان جموں وکشمیر کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کشمیر میں اسلحہ اٹھانے والے نوجوانوں کے والدین سے کہا کہ وہ عید کے موقعہ پر اپنے بچوں سے واپس آنے کی اپیل کریں۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کا راستہ اختیار کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا ہے۔ پولیس سربراہ نے یہ باتیں اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہیں۔ جموں وکشمیر پولیس نے یہ ویڈیو اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا ’ڈی جی پی ایس پی وید عیدالفطر کے مبارک موقع پر لوگوں، مارے گئے پولیس اہلکاروں کے کنبوں اور سیکورٹی فورس اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے تشدد کا راستہ اختیار کرنے والے نوجوانوں کے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس تہوار کے موقعہ پر اپنے بچوں کو واپس بلائیں‘۔ ویڈیو میں ڈاکٹر وید کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ’’یہ ماں باپ کے لئے سوچنا کا ایک موقع ہے۔ وہ ماں باپ جن کے بچے بھٹک گئے ہیں۔ جنہوں نے غلط راستہ چن لیا ہے۔ جنہوں نے تشدد کا راستہ چن لیا ہے، ان کو اس وقت سوچنا چاہیے کہ تشدد کے راستے سے کچھ حاصل نہیں ہوتا ہے۔ ماں باپ اپنے بھٹکے ہوئے بچوں کو عید کے موقع پر واپس بلائیں اور مل جل کر عید منائیں۔ ایک اچھی زندگی گذر بسر کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، یہ میری سب سے اپیل ہے‘‘۔