نوشہرہ //راجوری ضلع کے درمسال پولیس سٹیشن کے زیر تحت آنے والی پولیس چوک تریاٹھ کی ٹیم نے چوری کے ایک معاملہ کو حل کر تے ہوئے چوری شدہ ساز و سامان ضبط کر کے ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا ہے ۔ایڈیشنل ایس پی نوشہرہ نے ایس ایچ او دھرمسال اور انچارج پولیس پوسٹ کے ہمراہ جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ 21اور 22دسمبر 2021کی درمیانی شب تریاٹھ مارکیٹ میں چوری کی ایک واردات رونما ہوئی جس کے بعد پولیس سٹیشن درمسال میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 150/2021درج کر کے اس سلسلہ میں تحقیقات کا عمل شروع کیا گیا ۔ایڈیشنل ایس پی نے بتایا کہ اس واقعہ کے سلسلہ میں کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا جن سے تحقیقات کے دوران سرفراز احمد ولد جمیل احمد سکنہ کالا کوٹ ،محمد فیض ولد محمد صدیق سکنہ کالا کوٹ اور محمد سلیم ولد محمد یوسف سکنہ سرانوں راجوری نے اپنے جرم قبول کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مذکورہ چوری کی واردات انجام دی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملزمان سے چوری شدہ ساز و سامان ضبط کرلیا گیا جبکہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں ۔