محمد تسکین
بانہال// ضلع رامبن کی تحصیل کھڑی اور تحصیل اْکڑال پوگل پرستان میں آگ دو الگ الگ وارداتوں میں مویشیوں کیلئے ذخیرہ رکھا گیا ہزاروںروپے مالیت کا سوکھا گھاس جل کر راکھ ہوگیا اور مقامی لوگوں کی طرف سے کی گئی کوشش کے نتیجے میں اس آگ کو اطراف میں پھیلنے سے روک دیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بدھ کی صبح ساڑھے پانچ بجے سب ڈویڑن بانہال کے کھڑی علاقے میں آگ کی ایک واردات میں بشیر احمد ولد نور محمد گوجر ساکن کاونہ ترگام کے ہزاروں روپئے کی مالیت کے گھاس کے گھڈے جل کر خاکستر ہوگئے۔ مقامی لوگوں کی کوشش سے آگ کو نزدیکی مکان اور دیگر گھاس تک پہنچنے سے روک دیا گیا۔اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں سب ڈویژن رامسو کے پرستان علاقے میں بدھ کی صبح چار بجے وہاں شوکت احمد لوہار ساکنہ پرستان کی طرف سے مال مویشیوں کیلئے سردیوں کیلئے جمع رکھے گئے گھاس میں آگ لگ گئی اور آناً فاناً ہزاروں گھاس کے گھڈے جل کر راکھ ہوگئے۔ مقامی لوگوں نے آگ کو مزید لوگوں کی طرف سے ذخیرہ رکھی گھاس تک پھیلنے سے روک دیا اور لکڑی کے ایک بجلی کھمبے کو بھی جلنے سے بچالیا گیا۔ دونوں واقعات میں پولیس نے آتشزنی کی رپورٹ درج کی اور آگ کی وجوہات کا پتہ لگایا جارہا ہے۔ مقامی لوگوں نے متاثرہ لوگوں کی مدد کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ مال مویشیوں کیلئے گھاس خرید سکیں۔
ترگام اور پرستان آتشزدگیوں میںسوکھا گھاس خاکستر
