راجوری +مینڈھر //راجوری او رپونچھ میں حد متارکہ پر ہندوپاک افواج کے مابین شدیدفائرنگ اور گولہ باری کے نتیجہ میں بی ایس ایف کے دو اہلکار زخمی جبکہ کئی رہائشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا اور کئی مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔منگل کی صبح پاکستانی فوج نے با لاکو ٹ کے مختلف علاقوں اور ترکنڈی و نائیکہ پنج گرائیں میں قائم بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس دوران متعدد مارٹر گولے رہائشی آبادی والے علاقوں میں گرے ۔ترکنڈی سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ صبح آٹھ بجے شروع ہواجو چھ گھنٹے تک جاری رہا ۔اس دوران نائیکہ پنج گرائیں اور سرولا علاقوں کو بھی نشانہ بنایاگیا ۔دفاعی ترجمان نے بتایاکہ پاکستانی فوج نے چھوٹے اور درمیانہ درجہ کے ہتھیاروںسے بلا اشتعال فائرنگ او ر گولہ باری کی جس کے رد عمل میں بھارتی فوج نے بھی بھرپو رجواب دیا ۔اس دوران بی ایس ایف کے دو اہلکار ایک مارٹر شیل کی زد میں آکر زخمی ہوئے جن کی شناخت 163بٹالین کے کانسٹبل دھنا شیکھر اور کانسٹبل بلویندر سنگھ کے طور پر ہوئی ہے جن کا راجوری میں ہی علاج چل رہاہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق اگرچہ فائرنگ کا سلسلہ گزشتہ رات سے شروع ہوگیاتھاتاہم بھاری شلنگ بعد میں کی گئی جس سے مقامی آبادی سہم کر رہ گئی ۔ان کاکہناتھاکہ گولہ باری کی شدت بہت زیادہ تھی اور سارا علاقہ کانپ اٹھا ۔فیض دین نامی ایک شہری نے بتایاکہ ایسی فائرنگ اور گولہ باری کم و بیش ہی ہوتی ہے کہ جس سے علاقے میں اس قدر خوف طاری ہوجائے ۔دریں اثناء ترکنڈی میں تین کچے مکانات کونقصان پہنچاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ ایک مارٹر شیل گائو خانے میں آگرا جس کے نتیجہ میں نائیکہ پنج گرائیں کے محمد فیض ولد فرمان علی کی بھینس اور بیل زخمی ہوئے ہیں ۔حالات کو دیکھتے ہوئے تحصیلدار منجاکوٹ محمود خان ، ایس ڈی پی او منجاکوٹ امتیاز احمد اور ایس ایچ او اعجاز حیدر نے علاقے کاد ورہ کیا۔ اس کے علاوہ محکمہ اینمل ہسبنڈری کی ایک ٹیم نے بھی دورہ کرکے زخمی مویشیوں کا علاج کیا ۔ اگرچہ علاقے میں پچھلے کچھ گھنٹوںسے حالات پرامن ہیں لیکن لوگ بدستور سہمے ہوئے ہیں ۔وہیں بالاکوٹ اور کشیدگی والے دیگر علاقوں میں تعلیمی ادارے بند رہے ۔