عظمیٰ نیوز سروس
ڈوڈہ// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر جو ڈوڈہ ضلع کے دو روزہ دورے پر ہیں، نے بھدرواہ علاقے کا دورہ کیا اور وہاں جاری مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا تفصیلی معائینہ کیا۔ مشیر راجیو رائے بھٹناگر کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ ہرویندر سنگھ،ضلعی اِنتظامیہ کے سینئر اَفسران اور لائن ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران بھی تھے۔مشیر موصوف نے دورے کے دوران یہاں کورٹ کمپلیکس میں جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اِس موقعہ پر اُنہوں نے عمل آوری ایجنسی کے اَفسروں کے ساتھ اِستفساری گفتگو کرتے ہوئے اُن پر زور دیا کہ وہ جاری کاموں کی رفتار کو تیز کریں تاکہ اسے جلد از جلد عوامی اِستعمال کے لئے وقف کیا جاسکے۔مشیرموصوف نے دورے کے دوران بھدرواہ قلعہ کا بھی دورہ کیا تاکہ اس سے وابستہ دیگر کاموں کا جائزہ لیا جاسکے۔ اُنہوں نے عمل آوری ایجنسیوں کے ساتھ کام کی پیش رفت میں حائل مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور میوزیکل فائونٹیشن کا کام مقررہ وقت میں مکمل کرنے اور قلعہ کی تزئین و آرائش کی ہدایات دیں۔اُنہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ میوزیکل فاؤنٹین قلعہ کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا اور سیاحوں اور لوگوںکو اس علاقے کی ثقافت اور ورثے کو جاننے اور تفریحی وقت گزارنے کا موقعہ پر ملے گا۔بعد میں مشیرراجیو رائے بھٹناگر نے علاقے کے گلڈنڈا سیاحتی مقام کا جائزہ لیا اوراُنہوں نے وہاں آنے والوں کے لئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ اس خوبصورت جگہ پر صفائی ستھرائی اور دیگر سہولیات کو بھی یقینی بنائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح اِس جگہ کی طرف راغب ہوں۔اُنہوں نے افسران پر زور دیاکہ وہ ان مقامات کی طرف جانے والے تمام راستوں کو کھلا رکھیں تاکہ لوگوں اور سیاحوں کو سہولیت فراہم کی جاسکے۔ مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے دورے کے دوران چموٹے اور گپت گنگا مندر میں حاضری دی۔