عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لومز کشمیر کی جانب سے قومی ہینڈ لوم ڈے کے موقعہ پرمنعقدہ ’ٹرینی پروڈکٹ سیل‘ کو شاندار عوامی پذیرائی حاصل ہوئی جس کے پیش نظر محکمہ رواں ماہ 20 سے 27 ؍اگست تک کشمیر ہاٹ جسے نمائش گاہ بھی کہا جاتا ہے ، میں’ گاندھی شلپ بازار‘ کا اِنعقاد کر رہا ہے۔محکمہ کے مختلف تربیتی مراکز میںبدھ کے روز بڑی تعداد میں لوگ نمائش گاہ پہنچے جہاں تربیت یافتہ کاریگروں کی تیار کردہ ہینڈلوم اور ہینڈی کرافٹس اشیاء خام مال کی لاگت پر فروخت کی گئیں۔بڑے پیمانے پر’ کارپٹ سکیم‘ کے مراکز میں ہاتھ سے بنے ہوئے رنگ برنگے اونی قالین بہت کم وقت میں فروخت ہو گئے جن کی مجموعی فروخت تقریباً 5 لاکھ روپے ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ کے ترجمان نے بتایا،’’محکمہ نے عوامی جوش و خروش کو مدنظر رکھتے ہوئے اِنڈین انسٹی چیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی (آئی آئی سی ٹی)سری نگر میں تربیت یافتہ کاریگروں کی تیار کردہ مصنوعات کی نیلامی کا فیصلہ کیا ہے جہاں ریشم اور اون دونوں قسم کے قالین سب سے زیادہ بولی لگانے والے کو فروخت کئے جائیں گے۔‘‘ڈسٹرکٹ ڈپارٹمنٹل سٹالوں پر بھی متاثر کن فروخت دیکھنے کو ملی جہاں صارفین نے کریول، سوزنی کڑھائی والی شالیں، زری کڑھائی والے خواتین کے سوٹ اور پھیرن، چین سٹچ، ٹیپسٹری، نمدہ مصنوعات، پیپر ماشی اور بید کی بنی ہوئی یادگاری و سجاوٹی اشیاء خریدیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ محکمہ کے’’سکول آف ڈیزائنز‘‘ وِنگ کے ذریعے ’’کانی بُنائی‘‘ اور نایاب ’’پشمینہ کے ہاتھ سے کتائی کے نادر فن کا لائیو بھی پیش کیا گیا۔اُنہوں نے مزید کہا ،’’ قومی ہینڈلوم ڈے نے ہمیں سری نگر شہر کی اس اِنفرادیت کو اُجاگر کرنے کا موقعہ بھی فراہم کیا ہے جسے ورلڈ کرافٹ کونسل اور یونیسکو کی کریٹیو سٹیز نیٹ ورک کے تحت ’کرافٹ سٹی‘کے طور پر تسلیم کیا ہے‘‘۔ترجمان نے بتایا کہ ٹرینی پروڈخت سیل 10 ؍اگست تک جاری رہے گی جب کہ دوسرا گاندھی شلپ بازار 20 سے 27 ؍اگست تک کشمیر ہاٹ میں منعقد ہوگا جو مقامی خریداروں کو شاندار اور مستند ہاتھ سے بنی مصنوعات گھر لانے اور ’بی لوکل فار ووکل ‘مہم کا حصہ بننے کا ایک شاندار موقعہ فراہم کرے گا۔