ترال// ترال میں بوسیدہ کھمبوں اور ترسیلی لائنیوں سے علاقے کی آبادی میں تشویش کی لہر پائی جارہی ہے ۔واضح رہے کہ حال ہی میں ایک حادثہ پیش آیا تھا جس کے بعد انتظامیہ نے حکام کو اس بوسیدہ نظام کو فوری طور تبدیل کرنے کی ہدایت دی تھی ۔جنوبی کشمیر کے سب ڈویژن ترال میں بجلی کا ترسیلی نظام کئی دہائیوں سے تبدیل یا مرمت نہ کرنے کی وجہ سے انتہائی بوسیدہ ہوچکا ہے جو عوام کے لئے جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے ۔ترال اور آری پل تحصیل سمیت بیشترعلاقوں میں ترسیلی لائنیںبجلی کھمبوں کے بجائے درختوں سے لٹکا ئی گئی ہیں جبکہ کئی مقامات پر بجلی ٹرانسفارمرزمین سے محض دو فٹ کی اونچائی پرنصب ہیں جو راہگیروںکے علاوہ جانوروں کے لئے بھی کسی حادثے کا موجب بن سکتا ہے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی علاقوں میں ترسیلی لائنیںمکمل ختم ہوچکی ہیںجو اب لوڈ برداشت نہ کرنے یا معمولی ہوائوں یا بارشوں کے بعد زمین پر گرجاتی ہیں۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ دنوں ترال کے بٹہ گنڈ علاقے میںمعمولی اونچائی پر ہائی ٹینشن لائن لٹکتے رہنے کے نتیجے میں دو نوجوانوںکی موت واقع ہوئی ہے جس کے بعددوافسران سمیت پانچ ملازمین کو معطل کیا گیا تھا اور محکمہ کو علاقے کے بوسیدہ بجلی نظام کو تبدیل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔