ترال+بارہمولہ// جنگجوئوں نے سنیچر کی شام ترال کے ایک مضافاتی گائوں میں فورسز کیمپ پر گرینیڈ داغا اور فائرنگ کی ۔ ادھر بارہمولہ میں ایک فوجی اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔پولیس نے بتایا کہ ترال اونتی پورہ روڑ پر واقع نودل نامی گائوں میں سی آر پی ایف180بٹالین پر جنگجوئوں نے رات کے 8بجے ایک رائفل گرینیڈ داغا جس کے بعد فائرنگ کی۔ اس موقعہ پر طرفین میں کچھ دیر تک فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔واقعہ کے بعد علاقے میں تلاشی کارروائی کی گئی تاہم جنگجو فرار ہوچکے تھے۔ادھر بارہمولہ میں 46 آرآر کیمپ میں ایک فوجی اہلکار نے ہفتہ کے روز اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی تمام کی۔مہلوک فوجی اہلکار کی شناخت لانس نائیک ہیمنت کمار پانڈے کے بطور ہوئی ہے۔ 2018 کے دوران 80 فوجی اہلکاروں نے خود کشی کی جبکہ ہوائی فوج میں 16 اہلکاروں اور نیوی میں 8 اہلکاروں نے خود کشی کی۔ 2017 میں 75 فوجی اہلکاروں کے بارے میں شک کیا جاتا ہے کہ انہوں نے خود کشی کی ہے جبکہ 2016 میں 104 فوجی اہلکاروں کی موت خودکشی کرنے سے واقع ہوئی ہے۔ادھر کرنا بل سانبورہ پانپور میںفورسز پر شدید پتھرائو کے دوران ایک نوجوان جہلم میں کود گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق جمعہ کی شام فورسزکی ایک گشتی پارٹی پر چند نوجوان نے پتھرائو کیا،اس دوران جونہی فورسز نے ان سنگبازوں کا تعاقب کیا تو دریا کے کنارے پر موجود ایک نوجوان نے خوف کے مارے جہلم میں چھلانگ لگادی۔ قریبا آدھے گھنٹے بعد نوجوان کو بچایا گیا۔تاہم اس کے بعد علاقے میں شبانہ مظاہرے ہوئے۔ فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوا میں گولیوں کے چند راونڈ بھی فائر کئے۔