عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جی این ایتو نے کہا ہے کہ بچوں کیلئے تدریسی کتابیں رواں ماہ کے آخر تک دستیاب ہونگی۔انہوںنے کہا کہ نجی سکولوں کو کسی بھی قسم کے اضافی چارجز لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور والدین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر 24گھنٹوں کے اندر کارروائی ہو گی ۔ سرینگر میں ایک تقریب کے حاشیہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ایتو نے کہا کہ ماہ جنوری کے آخر تک بچوں کیلئے تدریسی کتابیں دستیاب ہونگی ۔ انہوں نے کتابوں کی دستیابی میں تاخیر کیلئے سیشن کی اچانک تبدیلی کو ذمہ دار ٹھہرایا ۔انہوں نے کہا کہ نومبر سیشن کا اعلان ہوتے ہی وزیر تعلیم نے بوردکو ہدایت دی کہ ماہ جنوری کے آخر تک کتابوں کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پر کام ہو رہا ہے اور یقین ہے کہ رواں ماہ کے اندر اندر کتابیں تیار ہونگی اور بچوں کو فراہم کی جائیں گی ۔ نجی سکولوں کی جانب سے اضافی چارجز کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ناظم تعلیم نے کہا کہ اس طرح کا طرزعمل برداشت نہیں کیا جائے گا اور جو بھی شکایات موصول ہونگی ، ان پر کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ نے اس ضمن میں پہلے ہی ٹیمیں تشکیل دی ہیںاور ٹیلیفون نمبرات بھی شیئر کئے گئے ہیں جن پر والدین اپنی شکایات درج کر سکتے ہیں۔