بشارت راتھر
راجوری // وبائی امراض کے سینئرماہر اور کمیونٹی میڈیسن ڈیپارٹمنٹ جی ایم سی راجوری کے سربراہ شجاع قادری نے کہا ہے کہ اب تک کی تمام تحقیقات یہ واضح کرتی ہیں کہ گائوں میں ہونے والی اموات کسی متعدی بیماری کا نتیجہ نہیں ، لہٰذا، تحقیقات کو کھانے کی اشیا میں زہریلی شے کی نشاندہی تک محدود کر دیا گیا ہے۔قادری نے کہا”ہماری وبائی امراض کی تحقیقات کی بنیاد پر، ابھی تک، ہم کچھ ممکنہ نتائج پر پہنچے ہیں، جن کی تصدیق لیبارٹری سے کی جائے گی، یہ ایسی چیز ہے جس کا تعلق کھانے سے ہے،” ۔نیوروٹوکسن کو الگ تھلگ کرنے کے لیے 200 سے زائد خوراک کے نمونے ملک بھر کے مختلف اداروں کو اسکریننگ کے لیے بھیجے گئے ہیں۔ امید ہے کہ زہریلے مواد کے پینل کی بنیاد پر لیبارٹریز ایک ہفتے یا 10 دن کے اندر زہر کو الگ کرنے کی پوزیشن میں ہوں گی اور “ہم مزید اموات کو روکنے کے لیے آسانی سے کنٹرول کے اقدامات کر سکتے ہیں”۔انہوں نے کہا”اگر آپ معاملات کی ترتیب کو دیکھیں تو، وہ ایک مدت کے ساتھ آئے، یعنی یہ وہ چیز ہے جو وقفے وقفے سے آتی رہتی ہے، وہ یا تو غلطی سے یا جان بوجھ کر کھا جاتے ہیں، یہ ایک بار پھر تحقیقات کا سوال ہے، “۔راجوری شہر سے تقریبا 55 کلومیٹر دور بڈھال میں 17 اموات 7 دسمبر سے 19 جنوری کے درمیان ہوئیں۔مریضوں نے بخار، درد، متلی، شدید پسینہ آنا اور ہسپتالوں میں داخل ہونے کے چند دنوں کے اندر ہی مرنے سے پہلے ہوش کھونے کی شکایت کی۔متوفی کے نمونوں میں بعض نیوروٹوکسن پائے جانے کے بعد پولیس نے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) بھی تشکیل دی ہے۔