منڈی// تحصیل منڈی میں عوام کی سہولیات کیلئے نصب کردہ کئی ہینڈ پمپ ناکارہ ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے عام لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے تحصیل میں کئی ہینڈ پمپ لگائے گئے تھے لیکن حکام کی نا اہلی کی وجہ سے مشینری کچھ ہی عرصہ میں خراب ہوگئی لیکن برسوں بعد بھی ان کی مرمت نہیں کی جاسکی ۔ محکمہ جل شکتی اور مرکزی سکیموں کے تحت منڈی تحصیل کے متعدد علاقوں میں ہینڈ پمپ لگائے گئے تھے جو اب محکمہ جل شکتی کی عدم توجہی کی وجہ سے ناکارہ پڑے ہوئے ہیں ۔تحصیل منڈی میں متعدد علاقہ جات ایسے ہیں جن میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی قلت کا سامنا ہے۔ تحصیل کے علاقہ کھیت سے تعلق رکھنے والے محمد بشیر ولد محمد افضل نامی شخص نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ محکمہ جل شکتی اور مرکزی سکیموں کے تحت پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے کچھ اقدامات اٹھائے گئے تھے لیکن ملازمین کی لاپرواہی کی وجہ سے کئی عرصہ سے مشینری خراب پڑی ہوئی ہے جسکو محکمہ کی طرف سے ٹھیک نہیں کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں پینے کیلئے دریاوں سے پانی حاصل کرنا پڑتا ہے جس کیلئے انہیں میلوں پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اور بھی تحصیل کے دوسرے علاقہ جات ہیں جن میں بھی محکمہ کی عدم توجوہی کی وجہ سے یہ ہینڈ پمپ خراب پڑے ہوئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ منڈی تحصیل میں نصب کردہ ہینڈ پمپوں کی جلدازجلد مرمت کی جائے ۔