رام بن// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر جموں سے 120کلو میٹر کی دوری پر وا قعی اور خطہ چناب کے لئے داخلی دروازے کی حیثیت کا حامل قصبہ و تحصیل بٹوت کے عوام موجودہ وقت میں جدید تعمیر و ترقی کے دور میں بھی روزمرہ ضروریات زندگی کے بنیادی سہولیات سے محروم زندگی جینے پر مجبور ہیں ۔ اس سلسلے میں بٹوت کی عوام کے بقول ریاست جموں وکشمیر کی اقتصادیات کے لئے شہہ رگ کی حیثیت کا درجہ رکھنے والی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر آباد ہو نے کے باوجود قصبہ بٹوت کو تعمیر وترقی کے نام پر ریاست میں سابقہ ستر برسوں سے تشکیل پانے والی حکومتوں کی جانب سے وہ توجہ نہیں دی گئی جس توجہ کا قدرتی حسن کی دولت سے مالامال یہ علاقہ حقدار تھا ۔ لوگوں کے بقول نا معلوم وجوہات سے ریاست میں سابقہ ستر سالہ عرصہ میں ریاست میں تشکیل پانے والی اپنے اپنے وقت کی ریاستی حکومتیں تعمیر وترقی مرعاتوں و سہولتوں کی فراہمی کے نام پر بٹوت کو بری طرح سے نظر انداز کر تی رہی ۔ جس کا بڑا ثبوت ایک لمبے عرصہ تک بٹوت کا تحصیل و بلاک کے درجے سے محروم رہنا تھا ۔ قصبے کے عوام پچاس سال کی لمبی جدوجہد کے بعد بٹوت کو تحصیل و بلاک کادرجہ دلانے میں کامیاب ضرور ہو گئے ۔ مگر اس باوجود بھی تحصیل بٹوت کے عوام بہت ساری بنیادی سہولتوں سے محروم زندگی جینے پر مجبور ہیں ۔ مثلاً بٹوت میں گورنمنٹ ڈگری کالج کا قیام بٹوت بس سٹینڈ کی تعمیر پچاس سال قبل قائم تحصیل بٹوت کے واحد گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کو ہائر سیکنڈری کا درجہ دینا بٹوت میں ایک اچھے کھیل کے میدان کی تعمیر اور قدرتی حسن سے مالامال قصبہ بٹوت کو سیاحتی شعبے میں ترقی دینا جیسی کئی جائز سہولتیں و مانگیں ہیں جن کا ایک لمبے عرصہ سے بٹوت کے عوام ریاست کی سابق وموجودہ حکومت سے مطالبہ کرتے آرہے ہیں ۔ مگر بد قسمتی سے حکومتوں میں بڑے عہدوں پر برا جمان وزرأ و دیگر اہلکار بٹوت عوام سے زبانی وعدوں ویقین دہانیوں سے آگے عملی طور پر کچھ بھی نہیں کرتے آرہے ہیں ۔ مگر اب جبکہ جموں سرینگرقومی شاہراہ فور لائن تعمیر منصوبے میں ناشری چنینی 9کلو میٹر لمبے ٹنل اب گاڑیوں کے آمد رفت گزشتہ چھ ماہ سے جاری ہے لیکن برسوں سے جموں سرینگرشاہراہ پر آباد ہو نے کے تاریخی شرف سے بھی قصبہ بٹوت محروم ہو گیااور اس صورت حال کے شروع ہو تے ہی بٹوت میں بڑی تعداد میں وہ لوگ جو شاہراہ پر ہو نے کی وجہ سے اپنا رو زگار پیدا کرتے تھے لگ بھگ اب محروم ہوگئے ہیں ۔ مزید شاہراہ پر آباد ہو نے کے مقام سے محروم ہو کر قصبہ کے عوام کو دیگر نوعیت کی بھی بہت ساری مشکلات ومسائل سے بھی دوچار ہو نا پڑرہا ہے۔ لہذا بہت سارے اندیشوں و فکر مندی کی کیفیت سے دوچار قصبہ تحصیل بٹوت و گرد نواح کے علاقہ جات کے عوام وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی سربراہی والی ریاستی حکومت سے مودبانہ اپیل کرتے ہیں کہ حکومت بٹوت عوام کی دیرینہ مانگوں و مطالبات کو پورا کر نے اور قصبہ بٹوت کی عوام کو
درپیش مسائل و مشکلات سے نجات دلانے کی خاطر اپنی خصوصی توجہ دے ۔