سرینگر//تحریک حریت کے ذمہ داروں محمد رفیق اویسی، معراج الدین ربانی، اشفاق احمد، غلام محمد میر، عبدالرشید، غلام رسول، شوکت احمد اور فاروق احمد پر مشتمل وفد نے تنویر احمد تیلی پنزن کنگن کی والدہ کی وفات، فاروق احمد بژھ پورہ کے چند دن قبل نذیر احمد نشاط کے والد کی وفات اور غلام محمد وانی گوٹلی باغ گاندربل کے والد کی وفات پر لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور تعزیتی مجالس سے خطاب کرتے ہوئے مرحومین کے حق میں جنت نشینی کی دُعا کی۔ عمر عادل ڈار، عمر رفیق میر اور داؤد احمد ملک پر مشتمل وفد نے مسیر اشرف میرلسجن کی عیادت کی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ مسیر اشرف میر کو پیلٹ فائر کرکے شدید زخمی کردیا گیا جس کی وجہ سے اس کی آنکھیں بُری طرح زخمی ہوئی ہیں۔ تحریک حریت نے کاکہ پورہ پلوامہ میں چھاپے ڈالنے اور 10جوانوں کو سنگبازی میں ملوث کرکے ان کو گرفتار کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ جوانوں کے مستقبل کو تاریک بنانے پر تُلی ہوئی ہے اور جوانوں کو امن وسکون کی زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرنے کے بجائے انتشاری کیفیت کا شکار بنایا جارہا ہے اور خوف ودہشت کا ماحول پیدا کرنا حکومت کا وطیرہ بن گیا ہے۔