محمد تسکین
بانہال // جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع بانہال کے تبیلہ علاقے میں ریچھ کے ایک حملے میں ایک گائے ہلاک ہوگئی جبکہ ایک گائے زخمی ہوئی۔ اس واقع کے پیش آنے کے بعد محکمہ وائلڈ بانہال کے اہلکاروں نے جنگلی درندے کو بستی سے نکالنے کیلئے ایک تلاشی آپریشن شروع کیا گیا لیکن پیر کی شام تک اس کالے ریچھ کی علاقہ میں موجودگی کے حوالے سے تلاش پارٹی کو کوئی کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔انچارج کنٹرول روم محکمہ وائلڈ لائف بانہال نجم الدین نائیک نے بتایا کہ اتوار کی شام محکمہ وائلڈ لائف کنٹرول روم بانہال کوڈی ڈی سی کونسلر بانہال امتیاز احمد کھانڈے کی طرف سے ایک فون کال موصول ہوئی جس نے بانہال کے تبیلہ چملواس علاقے میں ایک ریچھ کی موجودگی اور اس کے حملے میں میں ایک گائے کے ہلاک ہونے کی اطلاع دی دی۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کی اطلاع ملتے ہی وائلڈ بانہال سے ایک ٹیم کو جائے موقع پر روانہ کیا گیا اور یہ پایا گیا کہ ایک کالے ریچھ نے محمد یاسین بہورو ولد محمد ابراہیم بہورو ساکنہ تبیلہ بانہال کے گھر پر اتوار کی صبح گاؤ خانے پر حملہ کر دیا اور ایک گائے کو موقع پر مار ڈالا جبکہ ریچھ کے حملے میں گائو خانے میں بندھی دوسری گائے زخمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد تبیلہ ، فتحن ڈکھر ، چملواس اور مجدلہ کے نچلے علاقوں میں ریچھ کو کھوج نکالنے کیلئے ایک آپریشن کا اغاز کیا گیا لیکن پیر کی شام تک بھی اس علاقے میں اس ریچھ کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلی حیات کے ملازمین نے لوگوں کو جنگلی جانوروں سے بچاؤ اور انہیں بستیوں سے دور بھگانے کیلئے جانکاری دی گئی اور لوگوں میں جنگلی جانوروں کو بستیوں سے باہر بھگانے کیلئے پٹاخے بھی تقسیم کئے گئے۔