تبلیغی مرکز کھلوانے کیلئے عدالت میں عرضی دائر

نئی دہلی//یواین آئی//حضرت نظام الدین میں واقع عالمی تبلیغی مرکز کا تالا کھلوانے کے لئے دہلی وقف بورڈ کی عرضی پر عدالت عالیہ (دہلی ہائی کورٹ) نے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کی اگلی تاریخ 5مارچ مقرر کی ہے ۔ دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے دہلی وقف بورڈ کے ذریعہ 19فروری کو دہلی ہائی کورٹ کا رخ کیا تھاجہاں لسٹنگ کے بعد کل معاملہ کی سماعت ہوئی اور معاملہ کی سنجیدگی پیش نظرعدالت نے مرکزی حکومت کو اس کا موقف جاننے کے لیئے نوٹس جاری کردیا۔جبکہ سماعت کی اگلی تاریخ 5مارچ مقرر کی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ سا ل ہندوستان بھر میں کورونا مرض پھیلنے کے بعد عالمی تبلیغی مرکز میں مذہبی سرگرمیاں بند کرتے ہوئے مرکز پر تالا لگادیا گیا تھا جس کے بعد سے ہی مرکز کے تحت تمام تبلیغی سرگرمیاں بند ہیں اور پولیس انتظامیہ کی جانب سے قفل بندی ہے جس کی وجہ سے تمام انصاف پسندوں خاص طور پر مسلمانوں میں بے چینی ہے ۔تبلیغی مرکز کی حمایت میں شروع سے ہی بیباکی کے ساتھ اپنی آواز بلند کرنے والے دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے اب اس مسئلہ میں دہلی ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔