عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
بیجنگ//شمالی چین میں ریکارڈ توڑ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے ہلاکتوں کی تعداد 78 ہوگئی جبکہ متعلقہ حکام نے مزید سیلاب اور ملک کی جانب آتے ہوئے سمندری طوفان کے حوالے سے خبردار کیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق سرکاری میڈیا نے گزشتہ روز بتایا کہ چین کے شمالی صوبے ہیبی میں سیلاب کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 29 ہوگئی جبکہ سمندری طوفان ڈوکسوری جس نے مین لینڈ چین کو دو ہفتے قبل نشانہ بنایا تھا، اپنے ساتھ شدید ترین بارشوں کا سلسلہ لایا ہے جس سے بارشوں کا 140 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے ۔ہفتے کے آخر میں ایک اور طوفان خانون قریب آنے کی وجہ سے امدادی کارکنوں کی جانب سے سیلاب سے لاپتا ہونے والے افراد کی تلاش جاری ہے ۔یہ سیلاب گرمی کی تاریخی لہر کے بعد آیا جس پر سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے اس طرح کے انتہائی موسمی واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔چینی دارالحکومت بیجنگ سے متصل صوبہ ہیبی کے کچھ حصوں کی سڑکیں بدھ کے روز بھی کیچڑ سے بھری ہوئی تھیں، جبکہ رہائشی پانی سے سامان نکالنے اور تباہ شدہ گھروں کو صاف کرنے میں مصروف تھے ۔سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے بتایا کہ جمعرات تک صوبے بھر میں بارشوں سے 29 افراد ہلاک ہوچکے تھے جن میں 6 لاپتہ افراد میں شامل تھے۔