عظمیٰ نیوزسروس
جموں//مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے ہفتہ کو کہا کہ جموں خطے میں حالیہ سیلاب جیسی آفات سے نمٹنے کے لیے تباہ شدہ ڈھانچوں کو بہتر سہولیات کے ساتھ دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔سنگھ نے جموں ضلع کی بجالتا اور پرگالتا پنچایتوں میں آنے والے سیلاب سے متاثرہ دیہاتوں کا دورہ کیا تاکہ موسلا دھار بارش سے آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے رہائشی مکانات اور پلوں کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا جا سکے۔وزیر نے کہا’’حالیہ سیلاب کے تجربے پر منحصر بہتر تصریحات کے ساتھ تباہ شدہ ڈھانچے کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا، تاکہ مستقبل میں حالیہ سیلاب جیسی آفت آنے کی صورت میں، ڈھانچے اسے برداشت کرنے کے قابل ہوں‘‘۔گزشتہ چند ہفتوں میں، سنگھ اپنے پارلیمانی حلقے ادھم پور اور جموں و کشمیر کے دیگر متاثرہ علاقوں میں تباہی سے متاثرہ لوگوں سے ملنے کے لیےدورہ کر رہے ہیں۔مقامی ایم ایل اے یدھویر سیٹھی اور یونین ٹیریٹری انتظامیہ کے افسران کے ساتھ وزیر نے جموں مشرقی اسمبلی حلقہ کے تحت بن بجالتا، توتن دی کھوئی، انتھن، بدون، خانہ شرگل اور چلنی میں سیلابی پانی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے مقامات کا دورہ کیا۔انہوں نے روڈز اینڈ بلڈنگز اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سمیت مختلف محکموں کے افسران کو متاثرہ علاقوں میں فوری بحالی کا کام کرنے کی ہدایات جاری کیں۔سنگھ نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ ضروری خدمات کی فراہمی بحال کرنے کے لیے کام جاری ہے۔بعد میں، وزیر نے پرگالتاپنچایت کے تحت متاثرہ مقامات کا بھی دورہ کیا تاکہ اچانک سیلاب سے عوامی املاک اور دکانوں کو پہنچنے والے نقصان کا معائنہ کیا جا سکے اور کہا کہ اس کے لیے تخمینہ تیار کیا جا رہا ہے۔