تازہ روسی حملوں میں 21یوکرینی ہلاک

کیف//جنگ زدہ یوکرین کے علاقے ڈونیٹسک میں روسی حملوں میں 21 یوکرینی ہلاک اور 27زخمی ہو گئے ۔لوہانسک میں بھی روسی شیلنگ سے دوشہری ہلاک ، دو زخمی ہوئے جبکہ 45 گھروں کو نقصان پہنچا۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق یوکرین کی 39 فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔حملوں میں ریڈار اسٹیشن سمیت کئی اسلحہ ڈپو تباہ ہو گئے ۔ دوسری جانب جنگ کے پیش نظر آسٹریلیا نے ایک سو دس روسی سیاستدانوں اور حکام پر پابندی لگا دی۔ روس کی ماریو پول سٹیل پلانٹ پر شدید بمباری کے بعد متاثرین کے انخلا کا عمل جاری ہے ، دوسری جانب جنوبی کوریا کے کچھ سفارت کار بھی کیف پہنچ گئے ہیں جس کے بعد جلد کورین سفارت خانہ دوبارہ کھولے جانے کے امکانات ہیں۔دریں اثنا گزشتہ روز روس نے ماریو پول سٹیل پلانٹ پر شدید بمباری کی تھی جس میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے ، متاثرین کی مدد کے لیے اقوام متحدہ کی ٹیمیں ماریو پول میں موجود ہیں۔امریکی خاتون اول جل بائیڈن نے جنگ کے متاثرین اور پناہ گزینوں سے ملنے کے لیے رومانیہ اور سلوواکیہ کے دورے کا اعلان کیا ہے ۔اس دوران روس نے آنے والے دنوں میں یوکرین کے خلاف باضابطہ اعلان جنگ کی خبروں کو بکواس’قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے ۔روس یوکرین پر حملے کو اپنی خصوصی فوجی کارروائی سے تعبیر کرتا رہا ہے ۔