پونچھ// شوپیاں اور پونچھ،راجوری اضلاع کو ملانے والی مغل روڈ کو پیر کی گلی کے قریب تازہ برف باری ہونے کے بعد بند کر دیا گیا۔ جمعہ کے روزڈی ٹی آئی مغل روڈ قاسم چودھری نے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان کوبتایا کہ برف باری کے باعث سڑک پر ٹریفک روک دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ برف ہٹانے کے بعد سڑک کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔واضح رہے اس تاریخی سڑک کو رواں سال 5 جولائی کو ہر قسم کی گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کھول دیا گیا تھا۔ اس سے پہلے سڑک کو صرف ضروری اشیاء خاص طور پر پھلوں ، سبزیوں ،راشن اور دیگر اشیاء کو لانے اور لے جانے کیلئے استعمال کرنے کی اجازت تھی۔ عوام نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اس سڑک کو پورے سال بحال رکھنے کے اقدامات اٹھائے جائیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ پونچھ اور راجوری کے اکثر لوگ میڈیکل چیک اپ کے لئے اور خریدو فروخت کے لئے کشمیر جانا پسند کرتے ہیں ۔اس کے علاوہ یہاں کے لوگوں کی رشتہ داریاں ہیں اکثر لوگ کشمیر کا رخ کرتے ہیں مغل شاہراہ بند ہوجانے کی وجہ ان کو جموں کے راستے کشمیر جانا پڑتا ہے جو بہت لمبا سفر ہے اسے طے کرنے میں مسافروں کو دو روز لگ جاتے ہیں۔لوگوں نے ضلع انتظامیہ شوپیاںاور اضلاع پونچھ و راجوری کی انتظامیہ سے آپسی تال میل بنا کر اس شاہراہ کو 12ماہ تک بحال رکھنے کے لئے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیاہے۔انھوں نے کہا کہ اگر شاہراہ سے ساتھ ساتھ برف ہٹائی جائے تو ناممکن نہیں ہے کہ یہ سڑک رابطہ ہر وقت بحال رہ سکے۔انھوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں مداخلت کر کے عوام کو راحت پہنچائیں۔