گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر روک دیا گیا ہے:ٹریفک حکام
محمد تسکین
بانہال // بانہال ۔ قاضی گنڈ نویگہ ٹنل کے آر پار گزشتہ جمعہ سے پانچ دنوں میں سے دو روز تک بحال رہنے کے بعد تازہ برفباری اور شدید پھسلن کے باعث 270 کلومیٹر لمبی جموں۔ سرینگر قومی شاہراہ کو پیر کی رات دیر گئے سے ٹریفک کی آمدورفت کیلئے ایکبار پھر بند کر دیا گیا ہے اور دونوں طرف کے ٹریفک ادہم پور اور قاضی گنڈ سے آگے بڑھنے پر روک ہے جبکہ راہ چلتے ٹریفک کو رات سے ہی شاہراہ کے مختلف محفوظ مقامات پر روک دیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس حکام کے مطابق بانہال اور قاضی گنڈ سیکٹر میں تازہ برفباری کے بعد سڑک پر خطرناک پھسلن پیدا ہو گئی تھی، جس کے پیش نظر پیر اور منگل کی درمیانی رات کے بعد قاضی گنڈ اور اُدھمپور سے ٹریفک کو آگے بڑھنے سے روک دیا گیا۔حکام نے بتایا کہ بانہال ٹنل، رامسو اور اطرافی علاقوں میں 6 سے 12 انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ جواہر ٹنل کے ذریعے پرانی جموں۔سرینگر شاہراہ پر ایک فٹ سے زائد برف جمع ہو چکی ہے۔شاہراہ کی دیکھ بھال کی ذمہ دار بی آر او نے برف ہٹانے کے لیے مشینری تعینات کر دی ہے، تاہم مسلسل برفباری کے باعث بانہال، نوگام اور جواہر ٹنل کو جوڑنے والی سڑک پر ٹریفک شدید متاثر ہے اور قصبہ بانہال ، درشی پورہ ، چریل ، ٹھٹھاڑ اور نوگام کی بھاری آبادیوں کو دشواریوں کا سامنا اور پرانے شاہراہ سے جُڑے ہزاروں لوگوں کی معمول کی زندگی اثر انداز ہوگئی ہے۔ ضلع ، سب ڈویژن اور تحصیل انتظامیہ کی طرف سے برف صاف کرنے کیلئے مشینری کام پر لگی ہوئی ہے تاہم جاری برفباری اور سڑک پر پیدا ہونے والی سلپ کی وجہ سے مقامی ٹریفک کی ممکن نہیں ہو سکی ۔