عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//مکئی کی فصل کی بوائی میں کم از کم تین ہفتے کی تاخیر کے درمیان، راجوری ضلع کے علاقوں کے کسانوں نے تازہ بارش کے بعد مکئی کی فصل کی بوائی میں تیزی آنے کے بعد راحت کی سانس لی ہے۔اس سے پہلے، کسان اپنی مکئی کی فصل بونے کے لیے مٹی میں نمی کی مناسب مقدار کا بے تابی سے انتظار کر رہے تھے۔کاشتکاروں نے بتایا کہ وہ پچھلے سالوں میں مئی کے آخری ہفتے میں مکئی کی فصل کھیتوں میں بویا کرتے تھے لیکن اس سال مناسب بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے زمین میں نمی کا تناسب کم ہے جس کی وجہ سے فصل کی بوائی میں تاخیر ہو رہی ہے۔کسانوں بشمول منکوٹ کے راکیش کمار، کیریان کے محمد حافظ اور دیگر نے بتایا کہ اب تک صرف ایک چوتھائی کسانوں نے مکئی کی فصل بوئی ہے جبکہ دیگر بارش کا انتظار کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا’’جمعرات کی شام سے جمعہ کی دوپہر تک ہونے والی بارش نے کسانوں کے لیے کچھ راحت دی ہے کیونکہ مٹی میں کچھ نمی ہے اور کسان مکئی کی فصل بونے کے قابل ہیں‘‘۔ کسانوں نے بتایا کہ مکئی کی فصل کی بوائی میں تیزی آگئی ہے اور کسانوں نے فصل کی بوائی شروع کردی ہے۔کسانوں نے تاہم اگلے دس دنوں میں کم از کم دو مزید بارشوں کو فصل کی مناسب نشوونما کے لیے شرط سمجھا۔