سرینگر//قانون ساز اسمبلی کی ماحولیاتی کمیٹی کی میٹنگ ممبراسمبلی محمد یوسف تاریگامی کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں ماحولیات کو درپیش چیلنجوں اور ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لئے کئے جانے والے لازمی اقدامات پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔میٹنگ میں ارکان اسمبلی بشیر احمد ڈار، عثمان عبدالمجید، محمد یوسف بٹ، دیوندر کمار منیال، گلزار احمد وانی، اعجاز احمد میر، عبدالرحیم راتھر اور انجم فاضلی نے بھی شرکت کی اور کمیٹی کو مزید فعال اور نتیجہ خیز بنانے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔اس موقعہ پر فیصلہ لیا گیا کہ ماحولیات اور اس سے منسلک محکموں کے معاملات پر اگلی میٹنگ کے دوران تبادلہ خیال کیا جائے گا جس کے بعد کمیٹی ماحولیات کی آلودگی پر قابو پانے کے لئے ایک ایکشن پلان مرتب کرے گی۔تاریگامی نے دیہی ترقی محکمہ کی مختلف سکیموں کا نوٹس لیتے ہوئے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ایم جی نریگا کے التواءمیں پڑے کاموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں۔کمشنر، ڈائریکٹر ، ایڈیشنل سیکرٹری کے علاوہ دیہی ترقی محکمہ اور اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔