عشرت بٹ
پونچھ// وادی کشمیر کو پیرپنجال خطہ سے ملانے والی تاریخی مغل روڈ پر بحالی کا کام تکمیل کے قریب ہے اور آئندہ 2 روز میں بحالی متوقع ہے۔ مختلف مقامات پر گر آئیں پسیوں کو ہٹایا جارہا ہے۔اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر (AEE) مغل روڈ رانا اقبال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بحالی کا کام زوروں پر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برف صاف کر دی گئی ہے اور چند جگہوں سے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔مغل روڈ ، جو وادی کشمیر کے ضلع شوپیان کو جموں صوبہ کے ضلع پونچھ سے ملاتا ہے،علاقے کے لوگوں کے لیے ایک اہم لائف لائن ہے، جوشدید برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی ماہ سے بند ہے۔ بحالی کا کام گزشتہ ماہ قبل شروع ہوا تھا جو اب تکمیل کے قریب ہے۔مغل روڈ کی بحالی میں تاخیر سے مقامی لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا ہے۔ سڑک کی بندش سے ضروری سامان اور اشیاء کی نقل و حمل کے ساتھ ساتھ لوگوں کی نقل و حرکت بھی متاثر ہوئی ہے وہیں مریضوں کو بھی کئی طرح کی دقتوں کا سامنا ہے۔ رانا اقبال نے کہا کہ بحالی کا کام اگلے دو روز میں مکمل کر لیا جائے گا،پسیاں گرآنے سے درپیش چیلنجز کے باوجود بحالی کا کام جاری ہے۔ حکام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں کہ سڑک کو جلد از جلد دوبارہ کھول دیا جائے۔