عظمیٰ نیوز سروس
جموں//چیف سیکرٹری اتل ڈولو نے کل یہاں مبارک منڈی ہیریٹیج کمپلیکس کا دورہ کیا اور وہاں کئے جا رہے تمام بحالی اور تحفظ کے کاموں کا جائیزہ لیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پرنسپل سیکرٹری ثقافت ، کمشنر سیکرٹری سیاحت ، سیکرٹری آر اینڈ بی ، ڈی جی بجٹ ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر مبارک منڈی ہیریٹیج سوسائٹی ، سی ای او جے ایس سی ایل کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران تھے ۔ چیف سیکرٹری نے کمپلیکس کی مختلف تاریخی عمارتوں کا دورہ کیا اور وہاں کئے گئے یا کئے جانے والے تحفظ کے کاموں کا نوٹس لیا ۔ انہوں نے سوسائٹی کے بعد کے منصوبوں کے بارے میں دریافت کیا ۔ ڈولو نے ہر تحفظ اور خوبصورتی کے کام کی تکمیل کیلئے طے شدہ ٹائم لائینز کے بارے میں بھی پوچھا ۔
انہوں نے ہر کام کو پوری تندہی کے ساتھ انجام دینے پر زور دیا کیونکہ ورثے کے تحفظ کا کام کافی تکنیکی نوعیت کا ہے ۔ انہوں نے کمپلیکس کی اصل شان کو بحال کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے ماضی کی شان کے مطابق اس کی جمالیاتی کشش کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی ۔ وہ تزئین و آرائش شدہ دربار ہال اور ڈوگرہ میوزیم کے علاوہ دوسرے ڈھانچے جیسے راجہ رام سنگھ اور راجہ امر سنگھ محلوں کے اندر گئے جہاں کام جاری ہے ۔ انہوں نے دیگر ورثے کے ڈھانچے جیسے پنک ہال ، گول گھر ، شیش محل ، مہارانی چاڑک محل ، گیلری محل اور دیگر اندرونی ڈھانچے کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے ہر ڈھانچے کے فن تعمیر اور جگہ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ان کو موثر تحفظ اور دوبارہ استعمال کیلئے ایک مضبوط منصوبہ بنانے پر زور دیا ۔ دورے کے دوران ثقافت کے پرنسپل سیکرٹری نے مقامی فن اور ثقافت کے فروغ کیلئے کمپلیکس کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایم ایم جے ایچ ایس نے اس کمپلیکس کے تحفظ کے اغراض و مقاصد کے بارے میں مجموعی تعارف پیش کیا ۔