سرینگر//محرم الحرام کے ایام مقدسات کے سلسلے میں تاجر اتحاد کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینوفیکچررز فیڈریشن کے بینر تلے سبیل لگا کر مشروبات تقسیم کئے ۔اس موقعے پر کے ٹی ایم ایف کی سینئر قیادت نے دن بھر عام راہ گیروں کو مشروبات پیش کئے ۔اس سبیل کا اہتمام کرنے والے تاجر لیڈران کے مطابق یہ عالم انسانیت کیلئے اب کے کے سانحہ عظیم واقعہ کربلا کے شہداء کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ عالم اسلام خصوصا مقامی شیعہ برادری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہنے کیلئے منعقد کی گئی جس میں تمام تاجر لیڈران اور کارکنان نے شرکت کی ۔ کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کی طرف سے اتوار کولالچوک میں ایکسچینج روڑ پر خیمہ نصب کرکے عزاداروں و دیگر لوگوں میں پانی اور مشروبات تقسیم کئے۔ کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس کے کم وبیش تمام حلقوںنے مل کر اس سبیل میں شرکت کی۔اس موقعہ پرسنیئر لیڈراں موجود تھے،جن میں محمد صادق بقال،بشیر احمد کنگپوش،منظور احمد بٹ،فاروق احمد بطخو،سجاد گل،فرحان کتاب،الطاف احمد ڈار،فاروق احمد شاہ،عمر بٹ،شوکت احمدبٹ ،بشیر احمد سراج ،اعجاز احمد ،سہیل احمد ڈار ،ماسٹر نذیر،شیرازاحمد ،امتیاز احمد کتاب اور دیگر لیڈراں شامل تھے۔اس موقعہ پر کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے سابق جنرل سیکریٹری بشیر احمد کنگپوش نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد جہاں ایام محرم میں عزاداروں میں مشروبات تقسیم کرکے ان کے ساتھ یکجہتی کا تھا،وہیں یہ پیغام بھی دیا گیا کہ اتحاد کی طرف تمام تاجر گامزن ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بہت جلد تمام اتحاد کا اعلان کیا جائے گا،اور تاجروں کو خوش خبری سنائی دی جائے گی۔اس موقعے پر سینئر ٹریڈ لیڈر محمد صادق بقال نے کہا کہ حضرت امام حسین ؑ اور انکے اہل عیال نے ان ہی ایام میں کربلا کی تپتے ہوئے میدان میں قربانیاں پیش کی تھیں اور اتحاد اور حق و باطل میں تمیز کا سبق سکھایا تھا۔محمد صادق بقال نے کہا کہ تمام دھڑوں کا مل کر اس پروگرام کا انعقاد اور شرکت اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ تاجروں کے وسیع تر مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے اتحاد ناگریز بن گیا ہے۔ ایک اور دھڑے کے جنرل سیکریٹری محمد الطاف ڈار نے بھی پروگرام کو ایک خوش آئندہ قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاجر لیڈرشپ اور دھڑوں میں اتحاد کی راہ متعین کی گئی ہے اور خاکہ بھی تیار کیا گیا ہے جس میں اب رنگ بھرنا ہی باقی ہے۔