سرینگر // تاجروں اور ٹرانسپوٹروں نے ضلع انتظامیہ کو سرینگر میں وبائی بیماری کرونا وائرس سے متعلق معیاری عملیاتی طریقہ کار اور کووِڈ مناسب رویہ کی پاسداری کی یقین دہانی کی ہے۔ڈپٹی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اسد نے منگل کو کہا کہ سرینگر کی تاجر برادری نے انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ کووِڈ مناسب رویے کو نافذ کریں گے جبکہ شہر میں کچھ علاقوں میں کووِڈ اصولوں کی خلاف ورزی پر انتظامیہ مسلسل نگرانی کررہی ہے۔ پیر کو سرینگر شہر کا دورہ کرنے کے بعد ایس ایس پی سرینگر اور ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں تاجروں،ٹرانسپوٹروں،سیول سوسائٹی اور نجی ڈائگناسٹک مراکز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ میٹنگ کی صدارت کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر نے کہا کہ ان لوگوں کے خلاف بھی کاروائی عمل میں لائی جائے گی،جو شادیوں میں سرکار کی جانب سے مقرر کئے گئے حد سے زیادہ مہمانوں کو مدعو کریں گے۔ اعجاز اسد نے کہا’’ جہاں بھی لوگ شادی کی تقریبات میں ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی (ایس ای سی) کی اجازت سے زیادہ لوگوں کو مدعو کریں گے وہاں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا ’’ہم نے پہلے ہی کچھ لوگوں کے خلاف کارروائی کی ہے جہاں شادی کی تقریبات میں بڑے اجتماعات دیکھنے کو ملے‘‘۔ سرینگر کے کچھ مقامات پر کووِڈ کیسوں میں اضافے سے متعلق سوال کے جواب میں ڈپٹی کمشنر سرینگر نے کہا کہ ایسا قطعی نہیں ہے کہ پورے سرینگر میں کویڈ کیسوں میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم کچھ مقامات میں کووِڈ کی مثبت شرح زیادہ ہے۔ان کا کہنا تھا’’یہ علاقے انتظامیہ کی مسلسل نگرانی میں ہیں اور ہم کچھ دن انتظار کریں گے اور اسی کے مطابق کارروائی کریں گے۔‘‘ایک سوال کے جواب میں کہ شہر میں زیادہ قیمتوں پر ماسک فروخت کیے جا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ جہاں بھی شکایت ہو ، لوگوں کو انتظامیہ سے رجوع کرنا چاہیے اور ’’ہم قیمتوں کو کنٹرول میںکریں گے۔‘‘