زاہد بشیر
گول// سب ڈویژن گول کی پنچایت اپردلواہ وارڈ نمبر8نجار محلہ میں ایک غریب کنبہ خستہ حال کھنڈر نما مکان میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ دوبرسوں سے یہ کنبہ سرکاری سکیم کے تحت مکان کی تعمیر کے لئے معاوضے کا منتظر ہے لیکن اْن کایہ انتظار طویل ہوتا جا رہا ہے۔محمدرمضان نامی بے گھر شخص کا کہنا ہے کہ سرکار کی جانب سے پی ایم اے وائی سکیم تحت بے گھر لوگوں کو گھر بنانے کیلئے پیسہ دیاجاتاہے لیکن بڑے افسوس کیساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ یہاں زمینی سطح پر اِس سکیم کے نام پر غریب لوگوں کو نوچاجا رہا ہے۔
محمد رمضان کا کہنا تھا کہ پی ایم اے وائی سکیم سے ہمیں محروم رکھا گیا ہے ،دو برسوں سے انہیں پنچایت نمائندگان ٹرخا رہے ہیں ،کبھی کاغذات میں درستگی کا بہانہ اور کبھی فنڈز نہ ہونے کے حیلوں سے انکے جذبات کے ساتھ کھیلا جا رہا ہے۔ محمد رمضان نے اشکبار آنکھوں سے کہاکہ پنچایت نمائندگان اپنے رشتہ داروں و خیر خواہوں پر مہربان ہیں جب کہ مستحق افراد کی حق تلفی ہو رہی ہے اور انہیں تڑپایا جاتا ہے۔رمضان نے کہا میں بے حد پریشان ہوں ،پنچایت نمائندگان پچھلے دو برسوں ہماری پریڈ کر رہے ہیں اْدھر تو کبھی اْدھر دوڑاتے ہیں لیکن اب ہم کافی تھک چکے ہیں۔رمضان نے ضلع انتظامیہ اور ایل جی منوج سنہا سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے پنچایت نمائندگان کے خلاف کڑی قانونی کارروائی کی جائے جو غریب لوگوں کا حق کھا کر رشوت خوری اور بدعنوانی کو فروغ دینے کے مرتکب ہیں۔ انھوں نے ایل جی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پی ایم اے وائی سکیم کے تحت جلدا زجلد اْنہیں مکان کی تعمیر کیلئے معاوضہ دیا جائے تاکہ وہ ایک چھوٹا سا آشیانہ بنا کر انسانوں جیسی زندگی بسر کرسکے۔