جموں//پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے آئی ٹی آئی اور پالی تکنیک میں مشینری اور سازوسامان کی اَپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ کیپیکس بجٹ کے تحت ایس ڈی ڈی کے ذریعہ چلائے جانے والے منصوبوں پر طبعی اور مالی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ میٹنگ کی صدارت کی۔ پرنسپل سیکرٹری نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بے روزگاری پر قابو پانے کے لئے نوجوانوں کو سکل ٹریننگ فراہم کرنے میں ایس ڈی ڈی کا کلیدی کردار ہے۔ اُنہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ مطلوبہ صلاحیتوں اور تربیت کی فراہمی سے نوجوانوں کو بااِختیار بنانے کے لئے پوری لگن اور جذبے سے کام کریں تاکہ وہ آج کے فنی دور میں مقابلہ کرسکیں۔ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے جاری کاموں ، نئے کاموں ، کیپٹل اثاثوں کی بحالی ، مشینری اور سازوسامان اور سرکاری پالی تکنیک اور آئی ٹی آئی کو مواد کی فراہمی کے حوالے سے کیپیکس بجٹ 2020-21ء کے تحت طبعی اور مالی کامیابیوں کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا۔میٹنگ میں پالی تکنیک اور آئی ٹی آئی کے مختلف جاری کاموں پر بھی تبادلہ خیالہ ہوا جس میں گورنمنٹ پالی تکنیک بوائز جموں میںہوسٹل کی تعمیر ، گورنمنٹ پالی تکنیک اننت ناگ میں ہوسٹل کی تعمیر ، موٹر میکینک کے لئے ورکشاپ کی تعمیر ، آئی ٹی آر آر پورہ میں پلمبر ٹریڈ اور آٹو موبائل سروس سٹیشن کی تعمیر، بانہال میں ہوسٹل کی عمارت ، خواتین آئی ٹی آئی روہامہ میں کمپیوٹر کم لنگویج لیبارٹری کی تعمیر اور آئی ٹی آئی کولگام میں کمپیوٹر کم لنگویج لیبارٹری کی تعمیرپر تبادلہ کیا گیا۔ ناظم سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سجاد حسین گنائی نے میٹنگ کو بتایا کہ مختلف پالی تکنیک اور آئی ٹی آئیز میں مختلف کام انجام دینے کے لئے عمل آوری اداروں کو مطلوبہ فنڈس فراہم کئے گئے ہیں۔ان کاموں پرطبعی اور مالی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے عمل آوری اداروں کے اعلیٰ اَفسران کو ہدایت دی کہ جاری پروجیکٹوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں ۔ اُنہوں نے مشینری اور جدید ٹیکنالوجی کے دیگر سازوسامان اور موجودہ منظرنامے کے تقاضوں کے مطابق خریداری پر بھی زور دیا۔پرنسپل سیکرٹری نے آئی ٹی آئی اورپالی تکنیک کے پرنسپلوں اور سپراِنٹنڈنٹوں پر زور دیا کہ وہ اضلاع کی سطح پر ملازمت میلوں اور پلیسمنٹ مہمات کا انتظام کریں تاکہ آئی ٹی آئی اور پالی تکنیک پاس آؤٹ کو زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔