ہلا ل بخاری
سماج اور قوموں کی اصل بہبود اور ترقی اس کے مہذب لوگوں سے ہوتی ہے۔ غیر مہذب لوگ جو بے راہروی کو اپنانے کے بعد اس کو پھیلانے کا کام انجام دیتے ہیں سماج اور قوم کو اندر سے کھوکھلا کر کے رکھ دیتے ہیں۔ایک سماج کا اعلی معیار یہ ہے کہ اس کے اشخاص مہذب ہوں اور اپنی محنت کے بلبوتے پر اپنی اور اپنے سماج کی ترقی کے لئے جدو جہد کرتے رہیں۔ لیکن بد قسمتی سے ہم آج کل اپنے اردگرد بہت سے ایسے اشخاص کو دیکھتے ہیں جو غیر مہذب طریقوں کو اپناتے ہیں اور پھیلاتے ہیں۔ ایسے لوگ ہر وقت وہ کام انجام دیتے ہیں کہ جن سے سماج اور قوم کو لگاتارنقصانات اور شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ہمارے اسکولوں کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے اردگرد اکثر ہم ایسے غیر مہذب نوجوان کی ٹولیاں دیکھتے ہیں جن کی موجودگی سے شریف اور معصوم لڑکیوں کو بہت سےمشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ان ٹولیوں میں سے کچھ نوجوان ایسی غیر مہذب باتیں کرتے نظر آتے ہیں کہ سننے والا بھی دنگ ہوکے رہ جاتا ہے۔ حیرت اس بات سے ہوتی ہے کہ یہ لڑکے آرام سے بنا کسی خوف کے یہ بد فعلی انجام دیتے ہیں اور عام لوگ اس تکلیف کو جان کر بھی کچھ نہیں کر پاتے ہیں۔
سوشل میڈیا کچھ اشخاص کے لئے غیر مہذبانہ افعال کو آسانی کے ساتھ پھیلانے کا ایک مفید ذریعہ بن گیا ہے۔ ہمارے کچھ نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے دن رات بے حیائی کو فروغ دینے میں لگے رہتے ہیں۔کچھ لوگ پیسہ کمانے کے لئے اور سستی شہرت حاصل کرنے لئے کسی حد تک بھی گرجاتے ہیں۔سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے ہمارے کچھ نوجوان ہمارے سماج میں بداخلاقی کی گندگی پھیلانے کا کام کرتے ہیں ،جس سے پھر سارا سماج آلودہ اور بدصورت نظر آنے لگتا ہے۔
جب ایک قوم ایسی حرکات اور ایسے افعال کو روکنے میں ناکام ہوتی ہے تو پھر ہم ایسے دلخراش واقعات کا سامنا کرتے ہیں جن کی وجہ سے پوری قوم کا سر شرم سے جھک جاتا ہے۔ اس لئے ایک قوم کی بھلائی اس امر میں ہے کہ اس کے تمام لوگ یک جہتی سے بےراہروی کے سانپ کو نچلی سطح اس کی کم عمری میں ہی کچل دینے کا کام کریں ،اس سے پہلے کہ یہ سانپ ان کے لئے ناقابل شکست بن جائے۔ انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ کسی کو بھی بےراہروی کو فروغ دینے کا موقع نہیں ملنا چاہیے تاکہ ہمارے سماج میں ایسے واقعات کو منظر عام پر آنے سے پہلے ہی روکا جائے جن سے سماج اور قومیں ترقی کرنے کے بجائے ذلت کی پستیوں سے شناسا ہوتی ہے۔ بے راہروی ایک مہلک بیماری کی طرح ہے، یہ قوموں کو عزت اور وقار کی زندگی جینے کا موقع فراہم نہیں کرتی۔ اس بیماری کا جتنی جلدی علاج ہو اتنا بہتر ہے۔
[email protected]
����������������
بے راہ روی۔ایک مہلک بیماری