نئی دہلی// دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں یوں تو بھارتیہ جنتا پارٹی کو زبردست کامیابی حاصل ہوئی ہے تاہم اس نے جن پانچ مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دیا تھا وہ سب کے سب شکست سے دوچار ہوگئے ۔ بی جے پی نے ایم سی ڈی کے تینوں میونسپل اداروں کے مجموعی طورپر 272 سیٹوں میں سے پانچ سیٹوں پر مسلم امیدوار کھڑے کئے تھے تاہم ان پانچوں مسلم امیدواروں کو شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے ۔ بی جے پی نے مسلم اکثریتی وارڈوں میں جو پانچ مسلم امیدوار کھڑے کئے تھے ان میں ذاکر نگر سے کنور رفیع، چوہان بانگر سے سرتاج احمد، مصطفی آباد سے صابرہ ملک، دہلی گیٹ سے فہیم الدین سیفی اور قریش نگر سے روبینہ بیگم شامل تھیں۔ تاہم ان میں سے کوئی بھی امیدوار کامیاب نہیں ہوسکا۔ آج یہاں جاری نتائج کے مطابق مذکورہ تمام حلقوں سے مسلم امیدوار ہی کامیاب ہوئے ہیں۔ ذاکر نگر سے کانگریس کے امیدوار شعیب دانش،چوہان بانگر سے عام آدمی پارٹی کے عبدالرحمان، مصطفی آباد سے عام آدمی پارٹی کی شکیلہ بیگم، دہلی گیٹ سے کانگریس کے آل محمد اقبال اور قریش نگر سے عام آدمی پارتی کی شاہین کامیاب ہوئی ہیں۔ ًخیال رہے کہ تینوں میونسپل کارپوریشنوں میں بی جے پی واضح اکثریت حاصل ہوئی ہے ۔ اس نے 272میں سے مجموعی طور پر 184سیٹیں حاصل کی ہیں جب کہ عام آدمی پارٹی 46 اور کانگریس 30سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ خیال رہے کہ بی جے پی نے یوپی کے اسمبلی انتخابات میں کسی بھی مسلم امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا تھا۔ جس کے بعد پارٹی کی کافی نکتہ چینی کی گئی تھی تاہم بی جے پی نے دلیل دی تھی کہ اس نے صرف جیتنے کی صلاحیت رکھنے والے افراد کو ہی امیدوار بنایا ہے ۔یو این آئی