عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//جموں وکشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں ہوئے ملی ٹینٹوں کے حملے نے ایک بار پھر پورے ملک کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ اس حملے نے مرکزی حکومت کی پالیسیوں پر بھی سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے، جس کا اظہار اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا ’’مسلسل ہو رہے یہ دہشت گردانہ حملے جموں وکشمیر کی خستہ حالی کو بیان کر رہے ہیں۔ بی جے پی کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ ہمارے جوانوں اور ان کے اہل خانہ کو بھگتنا پڑ رہا ہے‘‘۔اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے حملے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا ’’آج پھر جموں و کشمیر میں ایک دہشت گردانہ تصادم میں ہمارے فوجی شہید ہو گئے۔ شہداء کو دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے میں غمزدہ خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں‘‘۔ انہوں نے کہا ’’یکے بعد دیگرے ایسے خوفناک واقعات انتہائی افسوسناک اور تشویشناک ہیں۔ مسلسل ہو رہے یہ دہشت گردانہ حملے جموں و کشمیر کی خستہ حالی کو ظاہر کر رہے ہیں۔ بی جے پی کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ ہمارے فوجی اور ان کے اہل خانہ بھگت رہے ہیں‘‘۔راہل گاندھی نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا ہے کہ ہر محب وطن ہندوستانی کا مطالبہ ہے کہ حکومت بار بار ہونے والی سیکورٹی لیپس کی پوری ذمہ داری قبول کرے اور ملک و جوانوں کے مجرموں کے خلاف سخت ترین کارروائی کرے۔