یو این آئی
نئی دہلی//کانگریس کے نئے مقرر کردہ سکریٹریوں اور جوائنٹ سکریٹریوں کی ایک میٹنگ منگل کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئی جس میں پارٹی نے امید ظاہر کی کہ نئی ٹیم جوش و جذبے کے ساتھ کام کرے گی اور کانگریس کو مضبوط کرے گی۔میٹنگ کے بعد یہ اطلاع دیتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ یہ میٹنگ پارٹی صدر ملک ارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ کھڑگے اور راہل گاندھی نے میٹنگ سے خطاب کیا اور امید ظاہر کی کہ نو منتخب ٹیم کے کام سے پارٹی کے کام میں جوش آئے گا۔دریں اثنا، ملک ارجن کھڑگے نے ٹویٹ کیا ’’کانگریس ہر ہندوستانی تک پہنچے گی۔ میں نے آج پارٹی کے نئے مقرر کردہ سیکریٹریوں اور جوائنٹ سیکریٹریوں کی میٹنگ کی صدارت کی‘‘۔’’ہم اپنی تنظیم کو مضبوط بنانے کے لیے ، ہر آواز کو اس میں شامل کرنے اور اقتدار کے سامنے سچ بولنا جاری رکھنے لئے پرعزم ہیں ‘‘۔کے سی وینوگوپال نے کہا ملک ارجن کھڑگے جی اور راہل گاندھی نے میٹنگ میں واضح طور پر کہا کہ ہمارا کام بی جے پی-آر ایس ایس کی تقسیم کی سیاست کے خلاف لڑنا ہے اور آئین کی حفاظت کے لیے مضبوطی سے کام کرنا ہے۔ کانگریس ایک ایسی طاقت ہے جو سماجی تبدیلی کے لیے کام کرتی ہے جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) سماجی تقسیم کا کام کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ نئی ٹیم کانگریس پارٹی کو مضبوطی سے آگے بڑھنے اور آنے والے دنوں میں نئے جوش و خروش کے ساتھ کام کرنے میں مدد کرے گی۔