سرینگر// پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے ضلع صدر سرینگر اور ممبرقانون ساز کونسل محمد خورشید عالم نے کہاکہ بی جے پی نے پی ڈی پی کی حمایت واپس لینے کیلئے جووجوہات بیان کئے ہیں ،وہ اُن کیلئے باعث افتخارہے ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی صدرمحبوبہ مفتی کے مطالبات میں پاکستان اورعلیحدگی پسندوں سے مذاکرات،سنگباری کرنے والے نوجوانوں کیخلاف درج کیسوں کی واپسی،جنگ بندی کوزمینی سطح پر عملانا اور بامعنی مذاکرات و مصالحت کاری کیلئے اقدامات کرنا شامل ہیں۔ خورشید عالم نے کہا کہ بحیثیت وزیراعلیٰ ذمہ داری سنبھالنے کے بعد محبوبہ مفتی کشمیری عوام کو باوقار زندگی فراہم کرانے کیلئے پیش پیش رہیں ۔انہوں نے کہاکہ محبوبہ مفتی ریاست کی خصوصی پوزیشن اوراسٹیٹ سبجیکٹ کے تحفظ کی خاطرمیدان میں ڈٹی رہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ محبوبہ مفتی نے کٹھوعہ سانحہ میں کے ملزمان کوسزادلانے اورکشمیری عوام کو ناقابل برداشت مصائب اورسازشوں سے بچانے کیلئے ہرسطح پرآوازاُٹھائی جو اُن (محبوبہ مفتی) کامشن رہااورآئندہ بھی رہے گا۔انہوں نے اس عزم کااظہارکیاکہ پی ڈی پی ہرحال میں اپنے اصولوں پرکاربندرہے گی اوریہ ان ہی اصولوں اورپارٹی ایجنڈے کے تحت کشمیری عوام کے حقوق،قیام امن ،افہام وتفہیم اورنوجوانوں کوعام معافی دلانے کیلئے جدوجہدجاری رکھے گی ۔