عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چگ نے جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال میں اتھل پتھل کے لیے انجینئر رشید پر تقسیمی سیاست کو فروغ دینے اور خطے کی امن اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگاتے ہوئے ایک بے باک بیان دیا۔چگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بی جے پی کی دہشت گردی پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی جموں و کشمیر میں امن کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا ’’دہشت گردی پر کوئی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ہماری پارٹی جموں و کشمیر کے امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے پْرعزم ہے‘‘۔انجینئر رشید کواپنی تنقیدکامرکز بناتے ہوئے چگ یہیں نہیں رکے بلکہ عبد اللہ اور مفتی خاندانوں کو بھی نشانہ بنایا، جنہوں نے کئی دہائیوں سے جموں و کشمیر کی سیاسی فضا پر راج کیا ہے۔چگ نے کہا’’عبد اللہ اور مفتی خاندانوں نے اس ریاست کی ترقی کو دہائیوں تک روکے رکھا۔ اور اب ہمارے پاس انجینئر رشید ہے، جو مختلف نہیں ہے۔ ان کی سیاست نے صرف لوگوں کو تقسیم کیا ہے، جس سے بدامنی پیدا ہوئی ہے‘‘۔چگ نے رشید پر خطے کی کمزوریوں کا سیاسی فائدہ اْٹھانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے’’لوگوں میں تقسیم اور ناراضگی کو ہوا دی ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا’’انجینئر رشید کو اس عدم استحکام کا جواب دینا چاہیے جو انہوں نے پیدا کیا ہے۔ وہ عوام کے حق میں کھڑے ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، لیکن ان کے اقدامات صرف معاشرے میں مزید تقسیم پیدا کرتے ہیں‘‘۔چگ نے نہرو اور گاندھی جیسے قومی شخصیات پر بھی تنقید کی، جو بی جے پی کے بڑے سیاسی بیانیے کے مطابق ہے۔ چگ نے کہا کہ ان کی پالیسیوں نے جموں و کشمیر کے بڑے مسائل کو حل نہیں کیا اور خطے کو مسلسل مشکلات میں مبتلا رکھا۔چگ نے کہا’’یہاں تک کہ گاندھی اور نہرو کی وراثتوں نے اس جاری ہنگامے میں حصہ ڈالا ہے۔ ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرایا جانا چاہیے۔ ہم ان تاریخی غلطیوں کو درست کرنے اور جموں و کشمیر کو امن و خوشحالی کے نئے دور میں داخل کرنے کے لیے پْرعزم ہیں‘‘۔چگ نے کہا’’جموں و کشمیر کے عوام تقسیم کی سیاست سے بہتر کے حقدار ہیں۔ بی جے پی اس خطے کے ہر حصے میں امن اور ترقی لائے گی۔ ہم انجینئر رشید جیسے تقسیم کرنے والے لیڈروں کو ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے‘‘۔