سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے ڈھنی دھا اور دھنور گاؤں کے علاقوں کے مکینوں نے بدھ کے روز بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی روڈ کی خستہ حالی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اہم ادارے کی جانب جانے والی رابطہ سڑک کو تین گھنٹوں تک ٹریفک کیلئے بند رکھا ۔مظاہرین کی ایک بڑی تعداد سڑک کی خستہ حالی کو لے کر جمع ہو گئی اور سڑ ک کو بند کر کے نتظامیہ و متعلقہ محکمہ کیخلاف احتجاج کیا ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ راجوری ٹاؤن اور یونیورسٹی کے درمیان سڑک کی اپ گریڈیشن کا کام برسوں پہلے شروع کیا گیا تھا اور اسے ایک اہم پروجیکٹ قرار دیا گیا تھا جبکہ ابتدائی طور پر تیز رفتاری سے کام شروع کیا گیا تھا جس کے بعد کام سست رفتاری سے آگے بڑھا اور اب تقریباً رک گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس سڑک کا کچھ حصہ جی ایم سی راجوری سے بھی جڑتا ہے جس کی وجہ سے اس سڑک کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ سڑک اس وقت انتہائی خراب حالت میں ہے اور گڑھوں اور گردوغبار سے بھری ہوئی ہے جس کی وجہ سے اس سڑک پر گاڑیوں خصوصاً دو پہیہ گاڑیوں کا چلنا تقریباً ناممکن ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کی تعمیر کے لئے تمام درکار زیر التواکام کو مکمل کیا جائے تاکہ ام لوگوں و مسافروں کی مشکلات ختم ہو سکیں ۔بعد ازاں محکمہ تعمیرات عامہ کے انجینئروں اور پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور گاؤں والوں کو یقین دلاتے ہوئے احتجاج کو پرامن کیاجس کے بعد سڑک کو بحال کیا گیا ۔
بی جی ایس بی یونیورسٹی روڈ کی خستہ حالی پر احتجاج
