شوپیان//عسکری تنظیم حزب المجاہدین میں شامل ہوئے سفہ نگری وچی شوپیان کے فوجی اہلکار ادریس سلطان میر کے والدین نے اپنے بیٹے سے گھر واپس آنے کی اپیل کی ہے۔ادریس سلطان جو فوج میں تعینات تھا ،کچھ دن قبل چھٹیاں منانے گھر واپس آیا لیکن گھر سے نکل کر واپس نہیں لوٹا تو اسے ہر ممکنہ جگہ تلاش کیا گیا ۔اسکے بعد سوشل نیٹ ورکنگ سائٹوں پر بندوق اٹھائے ہوئے ادریس کا فوٹوگراف اپ لوڈ ہوا۔جس سے یہ بات سامنے آئی کہ ادریس عسکری تنظیم میں شامل ہوگیا ہے۔ ادریس کے والد محمد سلطان میر نے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ادریس نے ہم سے کہاکہ وہ گھومنے کیلئے باہر جارہا ہے اسکے بعد ہمیں اس کا کوئی پتا نہیں چلا ۔محمدسلطان نے اپنے بیٹے سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھر واپس آئے ۔انہوںنے مزید کہا کہ میرے بیٹے کو پتا ہے کہ مجھے ٹیومر ہے اور میرے ابھی تک دو آپریشن کیے گئے ہیں پھر نہ جانے کیسے میرا بیٹا مجھے چھوڑ کر چلا گیا۔