بشارت راتھر
راجوری// بڈھال گا ئوں میں تین خاندانوں کے 17 افراد کی موت کی وجہ معلوم کرنے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی بین وزارتی ٹیم نے بدھ کو تیسرے روز بھی اپنی تحقیقات جاری رکھی۔ وزارت داخلہ میں ڈائریکٹر رینک کی خاتون افسر کی سربراہی میں 16رکنی مرکزی ٹیم نے جانچ کے ایک حصے کے طور پر پیر اور منگل کے پورے دو دن گائوں میں گزارے اور اس دوران فضل حسین، محمد اسلم اور محمد رفیق کے گھروں میں گئے، جہاں انہوں نے گھروں میں موجود سبھی چیزوں کے نمونے حاسل کئے۔بدھ کی صبح 9بجے ٹیم کے سبھی اراکین دوبارہ گائوں میں پہنچے اور وہ محمد اسلم کے گھر دوسری بار گئے جہاں انہوں نے تقریباً 3گھنٹے گزارے۔ٹیم کے اراکین نے محمد اسلم اور انکی اہلیہ کے علاو ہ رشتہ داروں سے بات چیت کی اور گھر میں موجود مزید چیزوں کے نمونے حاصل کئے۔اسکے بعد ٹیم کے اراکین واپس کوٹرنکہ گیسٹ ہائوس پہنچ گئے۔ ٹیم پیر اور منگل کو بھی بڈھال گائوں گئی تھی جہاں انہوں نے دو ٹیمیں بنائیں اور الگ الگ طریقے سے اپنی تحقیقاتی شروع کی۔انہوں نے نمونے جمع کرنا، اور تین خاندانوں کے زندہ بچ جانے والے افراد اور گائوں والوں سے بات چیت کی۔وزیر داخلہ امت شاہ نے تین خاندانوں میں موت کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے بین وزارتی ٹیم کی تشکیل کا حکم دیا ہے۔