کرگل//تعمیراتِ عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کہا ہے کہ ریاست کے مختلف خطوں کو موثر سڑک نیٹ ورک کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ جوڑنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ وزیر موصوف ضلع کرگل کے تفصیلی دورے کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے ۔ دورے کے پہلے روز وزیر نے قانون ساز کونسل کے چئیر مین حاجی عنایت علی کے ہمراہ کرگل میں 2 بڑے پلوں کا افتتاح کرنے کے علاوہ سرینگر ۔ کرگل قومی شاہراہ پر دراس دریا پر بنائے جانے والے پُل کا سنگِ بنیاد رکھا ۔ جن پلوں کا وزیر موصوف نے افتتاح کیا اُن میں 421 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا سٹیل ٹرسڈ برج لٹو اور 488.51 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا سٹیل ٹرسڈ برج ہرداس شامل ہیں ۔ انہوں نے 13 ویں فائنانس کمیشن کے تحت 170 لاکھ روپے کی لاگت سے سٹیل ٹرسڈ برج کارکٹچو کا سنگِ بنیاد بھی رکھا ۔ جے اینڈ کے کھادی اینڈ ولیج انڈسٹری بورڈ کے وائس چئیر مین منصور حسین ، ایم ایل اے کرگل حاجی اصغر علی کربلائی ، دیہی ترقی کے ایگزیکٹو کونسلر آغٖا سید حسن ارمان موسوی ، زراعت کے ایگزیکٹو کونسلر محمد حسین ، ضلع ترقیاتی کمشنر کرگل حاجی گلزار حسین اور ایس ایس پی کرگل سیرنگ گیالپو بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے ۔ نعیم اختر نے لٹو ، ہرداس اور کارکٹچو کے لوگوں کو یقین دلایا کہ سڑک رابطوں کو مستحکم کرنے کے علاوہ آبپاشی اور پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے ترجیح بنیادوں پر کام دردست لئے جائیں گے ۔ دراس میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ حکومت ریاست کے تمام خطوں کی یکساں ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دراس اور کرگل کے سرحدی علاقوں میں کئی ترقیاتی پروجیکٹ عملانے کے علاوہ زوجیلہ ٹنل پر بہت جلد کام شروع کیا جائے گا ۔ وزیر نے کہا کہ دراس علاقے کے لوگوں کے مطالبات پورا کئے جائیں گے جن میں بائی پاس روڈ کی تعمیر اور علاقے کو چُتک پن بجلی پلانٹ سے جوڑنا شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا تاہم کرگل ۔ اسکردو جیسے روٹوں کو کھولنے سے انسانیت کو فائدہ ہو گا ۔ کئی عوامی وفود نے وزیر موصوف کو اپنے مسائل اور مشکلات کے بارے میں جانکاری دی ۔ وزیر نے یقین دلایا کہ جائیز عوامی مطالبات ترجیح بنیادوں پر پورا کئے جائیں گے ۔