سیول/عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک/شمالی کوریا نے نومبر میں بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (آئی سی بی ایم) لانچ کرنے کی تیاریاں مکمل کر لیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق جنوبی کوریا کی دفاعی اطلاعاتی ایجنسی (ڈی آئی اے) کے افسران نے قومی اسمبلی میں بریفنگ دی۔ بریفنگ کے بعد جنوبی کوریائی رکن پارلیمان نے میڈیا سے کہا کہ شمالی کوریا نومبر میں میزائل کا تجربہ کر سکتا ہے۔ شمالی کوریا کی فوج 5 نومبر کو امریکی انتخابات سے پہلے یا بعد میں پنگی آری سائٹ سے آئی سی بی ایم چھوڑ سکتی ہے۔ رکن پارلیمان نے بتایا کہ تیاریاں تقریباً مکمل ہیں اور موبائل لانچر مخصوص علاقے میں تعینات کردیا گیا ہے۔ادھرروسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے حکم پر جوہری طاقت کی بڑی مشق کا آغاز کردیا گیا۔ فوجی عہدے داروں کے ساتھ وڈیو کال میں بات کرتے ہوئے پیوٹن نے کہا کہ یہ مشقیں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی صلاحیتوں میں اضافہ کریں گی۔ اس دوران بیلسٹک اور کروز میزائل بھی لانچ کیے جائیں گے۔