عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر اور پنجاب کے سینئر بی ایس ایف اور پولیس اہلکاروں نے جمعرات کو کٹھوعہ ضلع میں ایک میٹنگ میں ریئل ٹائم ان پٹ کو شیئر کرنے اور بین الاقوامی سرحد کے ساتھ انسداد دراندازی گرڈ کو مزید مضبوط کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔کھٹوعہ میں پانچ فوجی اہلکار تین روز قبل ملی ٹینٹوں کے حملے میں مارے گئے ہیں۔بین ریاستی سیکورٹی جائزہ میٹنگ ان اطلاعات کے پس منظر میں ہوئی کہ پیر کو فوجی گشت پر حملہ کرنے والے ملی ٹینٹ بین الاقوامی سرحد (آئی بی)کے ذریعے جموں خطہ کے کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع یا پنجاب کے پٹھان کوٹ میں دراندازی کر سکتے ہیں۔میٹنگ میںجموں و کشمیر اور پنجاب میں آئی بی کے ساتھ سیکورٹی گرڈ کا جائزہ لیا گیا اور ساتھ ہی پاکستان کی طرف سے دراندازی کو روکنے کے لئے کسی بھی خامیوں کو دور کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع نے کٹھوعہ کے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز میں منعقدہ میٹنگ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا جس کی صدارت بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اسپیشل ڈائریکٹر جنرل، ویسٹرن کمانڈ، وائی بی خریا نے کی ۔جموں و کشمیر کے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل آر آر سوائن اور پنجاب کے ان کے ہم منصب گورو یادو تین گھنٹے سے زیادہ طویل میٹنگ میں موجود تھے۔حکام نے بتایا کہ پولیس اور سرحدی محافظ ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور حقیقی وقت میں معلومات کے اشتراک پر بھی تفصیل سے بات چیت کی گئی جس میں دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے اور ہتھیاروں اور منشیات کی اسمگلنگ پر توجہ مرکوز کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ میٹنگ میں جموں کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (لا اینڈ آرڈر)وجے کمار، پنجاب کے اے ڈی جی(لا اینڈ آرڈر) ارپت شکلا، اے ڈی جی (جموں زون)آنند جین اور پنجاب اور جموں کے انسپکٹر جنرل رینک کے بی ایس ایف افسران نے بھی شرکت کی۔ یہ میٹنگ ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پرامن جموں خطہ میں ملی ٹینٹ سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور ملی ٹینٹ ایک ماہ کے اندر 9 جون سے 8 جولائی کے درمیان پانچ حملے کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔دراندازی پر، حکام نے کہا کہ جموں کے راستے، جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ ملی ٹینٹ استعمال کرتے تھے، اس وقت فعال تھے جب دو دہائیوں سے زیادہ عرصہ قبل اس علاقے میں عسکریت پسندی اپنے عروج پر تھی۔ جموں خطہ کو ملی ٹینٹوں سے پاک کر دیا گیا تھا لیکن دہشت گردانہ سرگرمیوں کے احیا سے سیکورٹی کے سنگین خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ دہشت گرد دراندازی کے بعد مچیڈی کے گھنے جنگلات میں پہنچ گئے جو ادھم پور کے بسنت گڑھ اور ڈوڈا ضلع کے بھدرواہ کو جوڑتا ہے۔یہ گھات لگا کر حملہ کٹھوعہ کے بدنوٹا گائوں کے قریب مچیڈی-کنڈلی-ملہار پہاڑی سڑک پرکیا گیا ۔