جموں//جے کے بینک آفیسرس ایسوسی ایشن جموں یونٹ نے جموں کے زورآور سنگھ آڈیٹوریم میں ایک تقریب میں بینک سے ریٹارڈ ہوئے افسروں کی عزت افزائی کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین جے اینڈ کے بینک پرویز احمد نے 149 ریٹائر افسروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس مقام پر آج بینک ہے یہ اِن ملازمین کی کڑی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے ۔ اپنے ملازمین کے بہبود اور محفوظ مستقبل کیلئے میں ہمیشہ کوشاں رہا ہوں اور ہم بینک میں کام کر رہے ملازمین اور ریٹارڈ ہورہے ملازمین کیلئے مختلف اقدامات اور نئی اسکیمیں لانچ کرنے والے ہیں۔ رواں مالی برس نظریہ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پچھلے لگاتار چھ کوارٹروں سے منافع میں ہیں اور جس طرح ہمارے ملازمین تن دہی سے کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا ’’ مجھے امید ہے کہ ہم رواں مالی برس کے اختتام پر اچھے نتائج لیکر سامنے آئیں گے۔ ہمیں متحد ہوکر مالی برس 2021-22 تک دو ہزار کروڑ کے منافع کا ہدف کو آگے رکھ کر کام کرنا ہوگا۔آفیسرس ایسو سی ایشن جموں ونگ کے نائب صدر ارجن سنگھ نے کہا کہ پرویز احمدایک ایسے پیپلز چیئر مین ہیں جو جے کے بینک فیملی کے ہر ممبر کی طرف دھیان رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آل انڈیا جے کے بینک فیڈریشن کے صدر تصدق مدنی نے کہا کہ ہم بینک کی اعلیٰ قیادت کے قرضدار ہیں جنہوں نے تمام بینک ملازمین کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہے، لہٰذا ہم اس ادارے کو اپنا خون دیکر سینچیں گے۔