سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ بیرون جموں وکشمیر کی گاڑیوں پر ٹوکن ٹیکس اور دوبارہ رجسٹریشن کی میعاد سے متعلق احکامات کو واپس لیں۔ ایک بیان میں پی ڈی پی جنرل سیکریٹری غلام نبی لون ہانجورہ نے عام لوگوںکے تئیں انتظامیہ کی بے حسی پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ پہلے ہی عوام دوہری مار، کورونا وبائی بیماری سے اقتصادی بدحالی اور5اگست کے فیصلے سے بری طرح متاثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی کاروں پر عائد 9 فیصد ٹوکن ٹیکس تھا جس کی وجہ سے لوگوں کو معاشی حالات کے پیش نظربیرون ریاستوں سے گاڑیوں کی تلاش کرنے پر مجبور کیا گیا۔ چونکہ وہ کاریں پہلے ہی اپنی ریاستوں میں مذکورہ رقم ادا کر چکی ہیں ، اس سے عام آدمی پر ایک بار پھر بوجھ پڑنے کا احتمال ہے۔ ہانجورہ نے کہاکہ انتظامیہ کا زمینی حقائق سے کوئی واقفیت نہیں ہے اور حکومت عام لوگوں کی جیبوں سے آخری ٹکے حاصل کرنے میںکوئی پس وپیش نہیں کررہی ہے۔ ہانجورہ نے کہا کہ’ ایک طرف GST، نوٹ بندی اور اس کے بعد لاک ڈائون کی وجہ سے بازاروں میں روپیوں کی روانی متاثر ہوئی ہے جبکہ دوسری طرف حکومت کی طرف سے راحت کے اقدامات فراہم کرنے کے بجائے نئے ٹیکسوں کا نفاذ، اشیایہ ضروریہ کی آسمان چھوتی قیمتیںاور ہزاروں لوگوں کو روزگار فراہم کرنے والے تمام شعبوں کی تباہی خالی تابوتوں کو بھرنا ہے‘۔