سرینگر// نیشنل کانفرنس نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں پر حملہ کرکے اُنہیں بتایا جارہا ہے کہ وادی سے باہر اُن کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے اور بھارت میں اُن کا کوئی مستقبل نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیرصرف زمین کاایک ٹکڑا نہیں ،یہ یہاں کے لوگ ہیں جویہاں آباد ہیں ۔عمر عبداللہ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ’’ نوجوان کشمیریوں ،جو جموں کشمیر سے باہر تعلیم حاصل کررہے ہیں ،کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے تھی ،جنہوں نے سیاست اورتنازعہ کشمیر سے دوررہ کراپنے لئے مستقبل کی راہ چن لی۔اُن پر حملہ کرکے دہشت زدہ کرنااورانہیں جائے پناہ ڈھونڈنے پر مجبور کرکے اُنہیں بتایا جارہا ہے کہ اُن کیلئے وادی سے باہر جگہ نہیں ہے اور بھارت میں کوئی مستقبل نہیں ہے‘‘۔عمر نے کہا کہ دشمن کی یہ کوشش رہی ہے کہ وادی کے لوگوں اور باقی ملک کے درمیان خلیج پیدا کی جائے اور کشمیریوں کو ’جلا وطن ‘کرکے کس کا مقصد پورا کیاجارہا ہے؟۔یہ سرپھرے جو ہجوم اکٹھا کرکے نقصان کرتے ہیں ،اپنے آپ سے پوچھیں(اگر ان کے پاس دماغ ہیں)کس کا مقصد یہ پورا کررہے ہیں کشمیر یوں کو جلا وطن کرکے؟۔ہمارے دشمن اور کشمیر میں یہ سب کچھ جو کررہے ہیں وہ بھی تو یہی چاہتے ہیں کہ کشمیر اور ملک کے درمیان خلیج پیدا ہو۔تو مہربانی کرکے اُن کاکام آسان نہ کیجئے۔