محمد تسکین
بانہال // زمینداروں کو بیچ کی فراہمی کیلئے بانہال کے آڑ بل ٹھٹھاڑ علاقے میں بیجوں کی افزائش کا ایک فارم پچھلی کئی دہائیوں سے زمینداروں کی خدمت میں مصروف ہے۔ 105 کنال زمین پر بیجوں کی افزائش کا فارم 1954 میں قائم کیا گیا ہے اور یہ فارم بانہال کے ٹھٹھاڑ علاقے میں جموں سرینگر قومی شاہراہ پر واقع ہے۔ اس وسیع و عریض اراضی کے حصے پر پھیلے بیج افزائش کے اس فارم میں مختلف سبزیوں کے علاؤہ دھان کے بیج تیارںکئے جاتے ہیں اور بعد میں یہی بیج ڈائریکٹوریٹ آف ایگریکلچر جموں سے سرٹیفائیڈ کرکے اس بیج کو لیبل لگا کر کسانوں میں سبسڈی پر فراہم کیا جاتا ہے۔ 105 کنال کی آراضی پر پھیلا یہ سیڈ ملٹی پلائکیشن فارم محکمہ ایگریکلچر کے اعلی حکام کیطرف سے عدم توجہی کا شکار ہے اور اہمیت کے حامل اس فارم ہاوس کی حد بندی کیلئے کئی دھائی پہلے کی گئی چار دیواری کی تار بندی اب ختم ہوچکی ہے اور یہ فارم انسانوں کے ساتھ ساتھ مال مویشیوں اور بھیڑ بکریوں کیلئے شاہراہ عام بنتا جارہا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سیڈ فارم ٹھٹھاڑ بانہال کے وسیع رقبہ کی حد بندی کیلئے دہائیوں پہلے کی گئی تار بندی اب جگہ جگہ سے ٹوٹ گئی ہے جس سے یہاں تعینات درجہ چہارم ملازمین کو مویشیوں کو فارم کے احاطے میں آنے سے روکنے کیلئے دن بھر دوڑ دھوپ کرنا پڑتی ہے اور بعض اوقات مویشیوں کی دراندازی سے فارم میں تیار کی جانے والی فصلوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ ایگریکلچر سیڈ ملٹی پلیکیشن فارم سے کئی دہائیوں سے مختلف اور انواع اقسام کے بیج تیار کئے جاتے ہیں جس میں سبزیوں اور دھان کے اعلی اقسام والے بیج قابل ذکر ہیں۔ ان بیجوں میں کڑم ساگ ، شلجم ، مولی اور مٹر کے بیج قابل ذکر ہیں جبکہ دھان کی پیداوار بڑھانے کیلئے رواں سال یہاں ڈائریکٹوریٹ اف ایگریکلچر کشمیر کی طرف سے فراہم کردہ SR4 کے بیج تیار کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں بات کرنے پر عمران جاوید شاہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ فارم ہاوس صوبہ جموں کا واحد اور پرانا مرکزہے جو سرد علاقے میں قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سے سبزیوں اور دھان کے بیج تیار کئے جاتے ہیں اور ان بیجوں کو ڈائریکٹوریٹ اف ایگریکلچر جموں کو بھیجا جاتا ہے جہاں سے اس بیج کی باضابطگی سے ٹیسٹنگ کرکے اسے سرٹیفائیڈ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مرحلوں سے نکلنے کے بعد اس بیج کو پیک کرکے واپس مختلف علاقوں میں زمینداروں کیلئے بھیجا جاتا ہے اور اس پر زمیندار کو سبسڈی دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ٹھٹھاڑ فارم میں ایس آر 4 قسم کی دھان کے بیجوں کو تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ مٹر کی بوائی کی جارہی ہے تاکہ زمینداروں کیلئے مٹر کے بیج تیار کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فارم میں تیار کئے جانے والے بیجوں کی نگرانی کیلئے ایگریکلچر کے ماہرین فارم کا دورہ کرتے ہیں اور اعلیٰ قسم کے بیج تیار کرنے کیلئے تمام طرح کے اقدامات کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاؤہ دالوں کی اقسام کے نئے بیجCowpea تیار کئے گئے ہیں اور پہلی ہی آزمائش میں اس کی پیدوار اچھی رہی ہے اور یہ تجربہ کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اس فارم میں بیجوں کی بوائی کیلئے تیار کی جانے والی زمین اور پیدا کئے جانے والے بیجوں کے کام کے سلسلے سے مقامی زمیندار بھی مستفید ہوتے ہیں اور فارم میں زمینداری کی سرگرمیوں کی دیکھا دیکھی سے مقامی زمیندار بھی فائدہ اٹھاتے ہیں اور اس پر عملدرآمد کرتے ہیں۔