بھونیشور//بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی صدر امت شاہ نے اتوار کو اوڈیشہ میں بیجو جنتادل پر الزام لگاتے ہوئے کہاکہ یہ کانگریس حکومت سے بھی بدتر ہے اور لوگوں کوریاست میں ایسی حکومت نہیں منتخب کرنی چاہئے جو مرکز میں مسٹر مودی سے ٹکراو کرتی ہے ۔مسٹر شاہ نے ‘نیو اوڈیشہ’ نام سے پارٹی کا منشور جاری کیا۔ اس دوران انہوں نے اوڈیشہ میں نوین پٹنائک حکومت کو نااہل، معذور ، سست، دوراندیشی کی کمی اور نوکرشاہوں کے ذریعہ چلائے جانے والا قرار دیا۔بی جے پی کے سربراہ نے کہاکہ اس مرتبہ بی جے پی ریاست میں حکومت بنائے گی اور ایسا انہوں نے دیوار پر لکھا ہوا دیکھا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بی جے پی ریاست میں اقتدار میں آئے گی اور یہ ریاست قومی اور بین الاقوامی سطح پر ماڈل ریاست بنے گی۔ مسٹر شاہ نے وزیراعلی نوین پٹنائک پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ ایسا وزیراعلی منتخب کریں جو اڑیہ زبان پڑ ھ، لکھ اور بول سکے اور ریاست کے کلچر ، وراثت اور روایات کو سمجھ سکے ۔انہوں نے وزیراعلی پر کانکنی مافیاوں کی حوصلہ افزائی کرنے ، چٹ فنڈ گھپلے میں شامل لوگوں کو بچانے کا الزام لگایا اور اعلان کیا کہ اگر بی جے پی برسراقتدار آئی تو کانکنی اور چٹ فنڈ گھپلے میں شامل تمام لوگ جیل جائیں گے ۔مسٹر شاہ نے کہا کہ اوڈیشہ کے لوگوں کو ایسی حکومت منتخب کرنی چاہئے جو مودی حکومت سے ٹکراو نہ کرتی رہے بلکہ ان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر چلے ۔ یہ اسی وقت ممکن ہوسکتا ہے جب ریاست میں بی جے پی اقتدار میں آئے گی۔انہوں نے کہاکہ تیرتھ شہر پوری کو ملک کے ثقافتی راجدھانی کے طورپر بنایا جائے گا، بھونیشور او رکٹک کے درمیان میٹروریل سروس شروع کی جائے گی، ریاست کے تمام پجاریوں کو ہر مہینہ ایک ہزار روپے دے ئے جائیں گے اور ملک میں سیاحت کو فروغ دیکر پانچ لاکھ ملازمتیں پیدا کی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ ریاست میں پندرہ نئے سیاحتی سرکٹ قائم کئے جائیں گے اور دیگھا۔گوپال پور ساحلی شاہراہ شروع کی جائے گی، ریاست کے ہر ایک ضلع میں ایک میڈیکل کالج ہوگا اور آیوشمان بھارت یوجنا نافذ کی جائے گی۔ بچیوں کی عصمت دری اور قتل میں شامل قصورواروں کے لئے ریاست میں موت کی سزا کا مرکزی ایکٹ نافذ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک نیا اوڈیشہ بنائے گی جہاں غریبی کو پوری طرح سے ختم کیا جائے گا۔یوا ین آئی